مقبوضہ کشمیر فلش پوائنٹ بن چکا، عالمی ادارے نوٹس لیں، مختلف رہنما، بولٹن میں احتجاجی ریلی

August 22, 2019

بولٹن(ابرار حسین) نارتھ ویسٹ کے شہر بولٹن کی تاریخ میں پہلی بار منظم انداز میں بھارتی مظالم کے خلاف ایک بھرپور احتجاجی کشمیر ریلی نکالی گئی دو گھنٹے تک رہنے والی ایک ریلی میں سیکڑوں لوگوں نے شرکت کی شرکاء میں کشمیری پاکستانی بھارتی مسلمان اور دیگر کمیونٹیز کے افراد کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ یہ ریلی بوبی رےوڈ پارک سے شروع ہوکر اپنے مقررہ راستے سے گذرتی ہوئی ٹائون ہال کے وکٹوریہ اسکوائر پر اختتام پذیر ہوئی شرکاء نے کشمیر کی آزادی اور مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی بھارتی مظالم کے خلاف نعرے بازی بھی کی اور سارے راستے با آواز بلند کشمیر کو آزاد کرو۔ کشمیر کی آزادی تک بھارت کی بربادی تک جنگ رے گی جنگ رہے گی۔ کشمیر بنے گا پاکستان، یونائیٹڈنیشن ویک اپ ویک اپ، لے کے رہیں گے آزادی جیسے نعرے لگاتے رہے شرکاء نے بھارتی وزیراعظم مودی سرکار کے خلاف بینرز بھی اٹھا رکھے تھے بھارتی آئین میں 370اور 35-A کی شق کو واپس لینے کا مطالبہ بھی کیا خواتین اور بچوں کی بہت بڑی تعداد شروع سے لے کر آخر تک ریلی کے ساتھ رہی اور نعرے بازی میں بھرپور حصہ لیا۔ ریلی سٹاف دی وار، تھنکر فورم، اسلمیہ فائونڈیشن ، یونائیٹڈ سٹی فورم اور بولٹن کمیونٹیز کے زیر اہتمام منعقد کی گئی۔ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے پولیس کی بھاری نفری بھی موجود تھی۔ ریلی سے سابق یورپی ممبر پارلیمنٹ سجاد حیدر کریم، مقبوضہ کشمیر کی رہائشی منزہ اندرابی ، ینیل مکلاسٹر، علامہ نصیر اللہ نقشبندی ، بشری انور ایڈووکیٹ، صحافی احمد نظامی، تھنکر فورم کی سینئر رکن سمیرا رزاق، لیڈر آف دی کونسل گرین ہاش، کونسلر لنڈا تھامس، کونسلر مدثر دین، سابق کونسلر انصار حسین، لبریشن لیگ آزاد کشمیر کے رہنما حاجی شیر عالم اور دیگر نے خطاب کیا۔ سابق ایم ای پی سجاد حیدر کریم نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر جنوبی ایشیا کا فلش پوائنٹ بن چکا ہے عالمی اداروں اور تنظیموں کو مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال کا سنجیدگی سے حل تلاش کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ اکتوبر کے بعد یورپی یونین سے الگ ہوتا ہے تو برطانیہ کی حکومت کو بھارت سے تجارتی تعلقات اس وقت تک منقطع کرے جب تک مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی بند نہیں کرتا انہوں نے تحریک آزادی کشمیر کی جدوجہد میں اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ بولٹن کے لیڈر آف دی کونسل گرین ہاش نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں پائے جانے والی کشیدگی کی صورتحال سے بولٹن سے رہائشیوں کی ایک بڑی تعداد بے چین ہے تاہم برطانوی وزارت خارجہ کو خط لکھا جائے گا جس میں بولٹن کے شہریوں کے جذبات کاذکر کرتے ہوئے مطالبہ کیا جائے گا کہ برطانوی حکورت پر اپنا اثر و رسوخ استعمال کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں مسئلہ کشمیر کا حل تلاش کرے۔ مقبوضہ کشمیر کے شہر سرینگر سے تعلق رکھنے والی منزہ اندرابی نے جذباتی انداز میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرینگر کو ایک بہت سنگین جیل میں تبدیل کردیا گیا ہے روزانہ کی بنیاد پر کشمیری عورتوں، بچوں اور نوجوانوں کو قتل کیا جارہا ہے منزہ اندرابی نے عالمی اداروں سے اپیل کی کہ کشمیر میں ہونے والی مظالم کو فوری طور پر بند کرانے کے اقدامات کئے جائیں اور عالمی تنظیموں سے کہا کہ وہ اپنے ضمیر کو جگائیں اور بھارتی حکومت کی اس درندگی کو روکیں۔ کونسلر لُنڈا تھامس نے کہا کہ عالمی امن کی تنظیموں کو چاہئے کہ مقبوضہ کشمیر کی بگڑتی ہوئی صورتحال اور جنگی اقدامات کو روکنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں ۔ اسٹاپ دی وار کے ینیل مکلاسٹر نے کہا کہ عالمی برادری بھارت پر اپنا اثر و رسوخ استعمال کرے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کو روکا جاسکے۔ احمد نظامی نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے مقبوضہ کشمیر کی ریاستی حیثیت کو ختم کرنے کی جس طرح سازش کی ہے،بھارت کوآج نہیں تو کل اس کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔ لبرشن لیگ آزاد کشمیر کے رہنما حاجی شیر عالم نے کہا کہ عالمی برادری مقوضہ وادی میں محصوم کشمیریوں کے خلاف بھارتی جارحیت ختم کرانے میں اپنا کردار ادا کرے۔ علامہ نصیر اللہ نقشبندی نے کہا کہ بھارت کی جانب سے کنٹرول لائن پر بلا اشتعمال فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھے پوری قوم اور ہماری بہادر افواج ہر قسم کی جارحیت کا مقابلہ کرنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔ مسلم لیگ ن آزاد کشمیر بولٹن کے صدر راجہ محمد شفیق پوتا اور راجہ ابرار عارف نے کہا کہ عالمی برادری کو اب تو اپنی آنکھیں کھول لینی چاہئیں، بھارت کب تک نہتے اور بے گناہ کشمیریوں پر ظلم و ستم کی داستانیں رقم کرتا رہے گا۔ مسلم لیگ ن نارتھ ویسٹ کے جنرل سیکرٹری راجہ جلیل الرحمٰن اور سینئر نائب صدر برطانیہ راجہ عبدالقیوم نے کہا کہ بھارت افواج مقبوضہ وادی میں جنگی جرائم کا ارتکاب کررہی ہے اسے کوئی پوچھنے والا نہیں ۔ مسلم کانفرنس یوتھ ونگ برطانیہ کے چیئرمین راجہ ریاض احمد بڑالوی اور راجہ طلعت جیل نے بھارتی فوج کی بربریت اور سفاکیت کا شکار مظلوم کشمیری عالمی برادری کی امداد کے منتظرہیں۔ رکن ڈاکٹر غلام سرور اشرف نے گریٹر مانچسٹر پولیس اورشرکاء کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔