لیڈز ٹیسٹ میں آسٹریلیا کو برتری حاصل، پوزیشن مستحکم

August 24, 2019

ملتان (اسپورٹس ڈیسک) انگلینڈ کی بیٹنگ لائن ایشز سیریز کے تیسرے ٹیسٹ میں ناکام ہوگئی۔ لیڈز میں جاری میچ کے پہلے روز آسٹریلیا کو 179پر آئوٹ کرنے والی انگلش ٹیم میچ کے دوسرے روز28 ویں اوور میں 67پر آئوٹ ہوگئی،10 بیٹسمین ڈبل فگر تک نہ پہنچ سکے۔ جو ڈینلی نے 12رنز بنائے ۔ کپتان جو روٹ صفر پر آئوٹ ہوئے۔ ہیزل ووڈ نے 30رنز کے عوض5، کمنز نے 23 کے عوض 3 اور پیٹنسن نے 9رنزکے عوض 2وکٹیں لیں۔112 رنزکی برتری کے ساتھ دوسری اننگز میں آسٹریلیا کا آغاز کچھ زیادہ اچھا نہ تھا 52 تک ہیرس19،وارنر صفر اور عثمان خواجہ 23 رنز کے ساتھ پویلین لوٹ گئے97 کے مجموعے پر ٹریوس ہیڈ 25رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔ میتھیو ویڈ اور لبوشان نے آخری خبریں آنے تک اسکور 140تک پہنچادیا تھا۔ کینگروز کی مجموعی برتری 252 رنز کی ہوگئی تھی۔