امجد عزیز ملک کی کتاب کی تقریب رونمائی

August 26, 2019

جدہ : امجد عزیز ملک کتاب کی رونمائی کے موقعے پر پی جے ایف کو اپنی کتاب پیش کررہے ہیں

رپورٹ.... ابو بلال.... جدہ

پشاور سے تعلق رکھنے والے پاکستان کے بین الاقوامی شہرت یافتہ اسپورٹس جرنلسٹ، کئی حوالوں سے شناخت رکھنے والےامجد عزیز ملک گزشتہ دنوں مختصر دورے پر سعودی عرب تشریف لائے تو پاکستان روانگی سے قبل ’’پاکستان جرنلسٹس فورم‘‘ کے تحت مقامی ریسٹورنٹ میں اپنی کتاب ’’خیبر پختون خوا اور کرکٹ، 70 سال‘‘ کی تقریب ِرونمائی منعقد کی۔ جس میں فورم کے اراکین کے علاوہ سعودی عرب کے معروف صحافی ، عربی اسکالر اور سعودی ریڈیو جدہ کے سینئر پروڈیوسر ڈاکٹر محمد لئیق اللہ خان نے بھی شرکت کی۔فورم کے صدر شاہد نعیم نے مہمانوں کا استقبال کیا اور کتاب کا تفصیلی تعارف پیش کیا۔ انھوں نےکہا اس کتاب میں قیام پاکستان کے بعد سے 2018 تک صوبہ پختونخوا میں ہونے والی کرکٹ کی سرگرمیوں کا احاطہ کیاگیا ہے۔چئیرمین امیر محمد خان نے بتایا کہ کتاب میں خواتین کرکٹر،صوبے سے تعلق رکھنے والے منتظمین، قومی ٹیم کے ہمراہ آفیشلزکی حیثیت سے جانے والی شخصیات، گراؤنڈمین، اسکوررز، امپائرز اور صوبے کی کرکٹ کےپچاس بہترین کرکٹرز سے متعلق خصوصی باب بھی کتاب کا حصہ ہیں۔ ڈاکٹرمحمد لئیق اللہ خاں نے ملک و قوم اور صوبہ پختون خوا میں کھیلوں کی ترقی و فروغ اور کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود کے لئے خدمات انجام دینے پرامجد عزیز ملک کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

امجد عزیز ملک نے پی جے ایف کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ میں پی جے ایف کا مشکور ہوں کہ انھوں نے میری کتاب ’’خیبر پختون خوااورکرکٹ، 70 سال‘‘ کی تقریب رونمائی کا ارض مقدس پر موقع فراہم کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے اس کتاب میں پاکستان کرکٹ کے فروغ میں، ان کھلاڑیوں کےکردار کو شامل کیا ہے جن کی پیدائش، تعلیم وتربیت اس صوبہ میں ہوئی ہے، اور وہ کسی اور شہر یا صوبے میں جابسے ہیں اور جنہوں نے فرسٹ کلاس کرکٹ پشاور یا صوبہ کیلئے کھیلی اورپاکستان کی جانب سے ٹیسٹ کیپ حاصل کی۔اس میں اس صوبہ سے تعلق رکھنے والے قومی آفیشیلز، کرکٹ بورڈ ڈاکٹر نسیم اشرف کا کرکٹ کے فروغ کیلئے کردار،کرکٹ ہیروز حسیب احسن، فرخ زمان، ریاض آفریدی، شکیل الرحمن، یونس خان، یاسرشاہ، رضوان احمد، محمدعمران خان، جنیدخان، ریاض آفریدی، عمرگل،،وجاہت اللہ واسطی، فضل اکبر، ارشد خان، جیسے کھلاڑیوں پہ روشنی ڈالی گئی ہے، ایک سوال کے جواب میں امجد عزیز ملک نے کہا کہ اس کتاب میں شاہدآفریدی کو اس لیےشامل نہیں کیا، گرچہ ان کا تعلق خیبرپختون خوا سے ہے لیکن کبھی بھی فرسٹ کلاس کرکٹ پشاور سے نہیں کھیلی، اسی طرح عبدالقادر کو بھی اس کتاب کاحصہ نہی بنایا گیا۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق میڈیا کوآرڈینیٹر امجد عزیز نے بتایا کہ یہ میری 13ویں کتاب ہے جس سے کرکٹ شائقین بھرپور استفادہ کریں گے۔ انہوں نے کتاب کا انتساب ڈائرکٹر جنرل اسپورٹس خیبر پختون خوا جنید خان کے نام کیا ہے، جنہوں نے صوبہ میں کھیلوں کے فروغ کیلئے سب سے زیادہ کام کیا۔ جنرل سیکریٹری جمیل راٹھور نے تمام مہمانوں کا شکریہ اداکیا۔