’بھارت کشمیر کے معاملے پر قدم اُٹھا کر پھنس گیا ہے‘

August 29, 2019

ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے کہا ہےکہ مقبوضہ کشمیر پر بھارت جو قدم اُٹھا چکا ہے اس سے وہ عالمی سطح پر پھنسا ہوا ہے۔

Your browser doesnt support HTML5 video.

دفتر خارجہ میں ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں کرفیو مسلسل 25 ویں روز بھی جاری ہے، وادی میں ہر کونے پر بھارتی فورسز تعینات ہیں تاکہ عوام احتجاج نہ کرسکے، حریت کے سینئر رہنماؤں اور ہزاروں کشمیریوں کی مسلسل حراست پر تشویش ہے۔

ترجمان نے کہا کہ وزیرخارجہ نےاقوام متحدہ کےہائی کمشنر برائےانسانی حقوق کو مقبوضہ کشمیرکی صورتحال پر خط لکھا، وزارت خارجہ کی ویب سائٹ پر خصوصی طور پرکشمیر کی صورتحال پر اپ ڈیٹ کیا جا رہا ہے۔

ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کہ بھارتی منافقت عروج پر ہے، کشمیر اندرونی معاملہ نہیں بلکہ بین الاقوامی ایشو بن گیا ہے، یہ مسئلہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تحت حل ہونا چاہیے، بھارت مقبوضہ کشمیر کو کبھی اندرونی اور کبھی بین الاقوامی مسئلہ قرار دیتا ہے، پاکستان اس مسئلے پر کبھی دو طرفہ بات چیت سے پیچھے نہیں ہٹا، بھارت دوطرفہ بات چیت کے لیے تیار نہیں ہوتا، بھارت جو مرضی کہتا رہے اس سے حقیقت تبدیل نہیں ہوسکتی۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت جو قدم اٹھا چکا ہے اس سے وہ عالمی سطح پر پھنسا ہوا ہے، خطے کی صورتحال اور کشمیریوں کے جذبات کے بغیرآگے نہیں بڑھا جاسکتا، مسئلہ کشمیر ایک ایونٹ نہیں جدوجہد ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ کل کرتارپور راہداری پر پاک بھارت حکام کی تکنیکی میٹنگ زیرو پوائنٹ پر ہوگی۔

افغان امن عمل پر بات کرتے ہوئے ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں امن کا خواہاں ہے اور امن عمل کو ہمیشہ سے سپورٹ کرتا آیا ہے، امریکا اور طالبان کے درمیان امن عمل حتمی مرحلے میں داخل ہوگیا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ کلبھوشن کے لیے سفارتی رسائی کے معاملے پر بھارت سے رابطے میں ہیں۔