Advertisement

عوام مایوس،تبدیلی کا نعرہ ریت کی دیوار ثابت ہوا،جماعت اسلامی

September 10, 2019
 

کوئٹہ(پ ر)جماعت اسلامی کے صوبائی نائب امیر مولاناعبدالکبیر شاکر نے کہاہے کہ دیگر پارٹیوں کی ناقص کارکردگی سے مایوس عوام کی امید جماعت اسلامی بنے گی ہم جہاں بھی جاتے ہیں، 15ستمبر عوامی مارچ میں سراج الحق بلوچستان کے مظلوم عوام کوظلم سے نجات دلانے ،ترقی وخوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے اور لٹیروں کو بے نقاب کرنے کے حوالے سے اہم پیغام دیں گے ،عوامی مارچ میں بلوچستان سے صوبائی وفاقی حکومت کی زیادتیوں کیساتھ کشمیری عوام پر بھارتی مظالم کو بھی بے نقاب کیا جائے گا۔عوامی مارچ صوبے کی تاریخ کا اہم وکامیاب مارچ ثابت ہوگا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لورالائی میں عوامی مارچ کی تیاریوں کے حوالے سے اجلاس وقبائلی عمائدین کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرامیر ضلع لورالائی محمد زکریا ملازئی ودیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔ انہوں نےمزید کہاکہ ملک میں بے یقینی اور افراتفری کا ماحول ہے۔ صرف ایک دن میں ملکی قرضوں میں 500ارب روپے کا اضافہ حکومت کی ناکام ترین معاشی حکمت عملی کا مظہر ہے۔ معاشی معاملات سے نابلد اور نا اہل افراد کا ٹولہ قوم پر مسلط ہے۔ بلوچستان کے مسائل وپریشانیوں کونظراندازکرنے کے بھیانک نتائج نکلیں گے۔ جماعت اسلامی بلوچستان کے مسائل کوحل اور لوٹی ہوئی دولت برآمد کرسکتی ہے۔ ماضی کی حکومتوں اور موجودہ حکمرانوں نےقرضوں کے پہاڑ کھڑے کردیئے مگر وہ جن بھی منصوبوں پر استعمال ہوئے کرپشن اور خوردبردکی داستانیں چھوڑ گئے ۔ اگر یہی قرضے حقیقی معنوں میں عوامی تعمیر و ترقی پر لگے ہوتے تو آج صورتحال مختلف ہوتی۔ تبدیلی کا نعرہ ریت کی دیوار ثابت ہوا۔وعدہ خلافی کو یوٹرن کا نام دے کر عوامی جذبات و توقعات کو بری طرح مجروح کیا جارہا ہے۔پی ٹی آئی کی حقیقت کھل کر عوام کے سامنے آچکی ۔ جن لوگوں نے تحریک انصاف کو ووٹ دیاتھا آج وہی سب سے زیادہ مایوس اور غم و غصہ کا اظہار کرتے نظر آتے ہیں۔


مکمل خبر پڑھیں