امام حسینؓ بزم انسانیت کے روشن چراغ ہیں، سیدازکی جلال الدین مشہدی

September 12, 2019

نیو کاسل (نمائندہ جنگ) سنی جمعیت عوام برطانیہ کے زیر اہتمام الرضا ایجوکیشنل سینٹر نیوکاسل میں شہادتین سیدنا حضرت امام حسین علیہ السلام اور سیدنا حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالی عنہ کے عنوان سے عظیم الشان کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ پیر سید عرفان شاہ مشہدی موسوی کی زیر نگرانی ہونے والی کانفرنس سے پیر سید ازکی جلال الدین مشہدی نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت امام حسینؓ بزم انسانیت کے روشن چراغ ہیں ۔ واقعہ کربلا کو گزرے 14 سو سال ہوگئے مگر آج بھی یہ زندہ جاوید ہے ۔ امام عالی مقامؓ کی عظیم قربانی قیامت تک انسانیت کی رہنمائی کرتی رہے گی ۔ آپؓ کی قربانی نامساعد حالات کے باوجود حق کے لئے باطل طاقتوں کے خلاف ڈٹ جانے کا درس دیتی ہے ۔ آپؓ نے اپنے اہل بیت و اصحاب کی قربانی دے کر اسلام کو زندہ کیا۔ حضرت امام حسین ؓاوران کے رفقاء ؑ کی عظیم قربانیاں انسانیت پر احسان عظیم ہیں، انہوں نے کہا کہ واقعہ کربلا ہمیں صبر، تحمل، برداشت کا درس دیتا ہے، ہمیں اپنے ذاتی، فروعی، لسانی اختلافات کو ختم کرکے حضرت امام حسین ؑ کی قربانی کو اپنے لئے مشعل راہ بنانا ہوگا اسی میں ہماری اخروی زندگی کا راز مضمر ہے اس وقت مقبوضہ کشمیر میں کشمیرمیں جو کربلا بپا ہے وقت کا تقاضا ہے کہ حسینی کردار ادا کرتے ہوئے حق کے لئے کشمیریوں کے ساتھ ہمیں شانہ بشانہ کھڑے ہو کر ظلم اور جبر کے سامنے سینہ سپر ہونا ہو گا۔ کانفرنس سے علامہ عقیل جلالی، علامہ فرخ اقبال، حاجی جمیل بھٹی، قاری حافظ محمد خان، حاجی عثمان اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے امام عالی مقام حضرت امام حسین رضی اللہ تعالی اور خلیفہ دوم سیدنا حضرت عمر بن خطاب کی زندگی کے عظیم گوشوں پر روشنی ڈالی ۔