کمشنر ، آر پی اوکاجلوسوں، کنٹرول روم کا دورہ ، سکیورٹی کا جائزہ

September 12, 2019

ملتان( سٹاف رپورٹر)کمشنر ملتان ڈویژن افتخار علی سہو نے آر پی او ملتان کے ہمراہ 10محرم الحرام کے ماتمی جلوسوں کا دورہ کیا اور سکیورٹی کا جائزہ لیا،کمشنر نے بتایا کہ ڈویژن بھر میں ماتمی جلوسوں اور مجالس کا سلسلہ پُر امن طریقے سے جاری رہا،یکم محرم الحرام تا10محرم الحرام ڈویژن بھر میں 911جلوس جبکہ 3210مجالس ہوئیں ، امن و امان اور مذہبی ہم آہنگی کا سماں رہا ،آر پی او ملتان وسیم سیال نے بتایا کہ محرم الحرام میں پولیس کی جانب سے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے جبکہ 10محرم کو سکیورٹی ہائی الرٹ رکھی گئی، ڈویژن بھر میں 8ہزار سے زائد پولیس جوان تعینات کئے گئے ،سی پی او زبیر دریشک نے بھی بریفنگ دی، قبل ازیں کمشنر نے ڈی سی ملتان آفس میں قائم کنٹرول روم کا بھی دورہ کیا ،دریں اثناآر پی اونے ملتان،وہاڑی ،خانیوال اور لودھراں میں سکیورٹی کے بہتر انتظامات پر تمام سٹاف کو مبارکباد کا پیغام دیا ہے۔