ملالہ کے شہر میں سینکڑوں بچیاں اعلیٰ تعلیم سے محروم

September 15, 2019

Your browser doesnt support HTML5 video.

ملالہ کے شہر میں سینکڑوں بچیاں اعلیٰ تعلیم سے محروم

ملالہ یوسفزئی کے شہر مینگورہ میں تعلیمی اداروں کی کمی کے باعث اس سال سینکڑوں بچیاں حصولِ تعلیم سے محروم رہ گئیں۔

گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ گرلز کالج سید شریف کے کالج میں اس سال 2 ہزار 10 طالبات نے بی ایس کے مختلف پروگراموں میں داخلوں کے لیے درخواستیں جمع کرائیں تاہم سیٹوں کی کمی کے باعث صرف 3 سو 10بچیوں کو داخلہ مل سکا، جبکہ 17سو بچیاں اعلیٰ تعلیم سے محروم رہ گئیں۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ اور ملالہ یو سفزئی کے آبائی علاقے سے تعلق رکھنے والی یہ طالبات سراپا احتجاج ہیں اور تعلیمی سلسلہ جاری رکھنا چاہتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ملالہ آکسفورڈ سوسائٹی کی سرگرم رکن منتخب

طالبات کا کہنا ہے کہ ہم نے بہترین نمبر حاصل کیے ہیں، گریڈز بھی اچھے بنیں ہیں لیکن سیٹس کی کمی کے باعث ایڈمیشن نہیں مل رہا۔

ڈی سی سوات سید ثاقب رضا کا کہنا ہے کہ کوششیں کی جارہی ہیں کہ طالبات کے تعلیمی سلسلے کو جاری رکھا جائے۔

ہمارے پاس آبادی کے تناسب سے اعلیٰ تعلیم کی سہولت نہیں ہے، وزیر اعلیٰ نے سوات میں 5 کالجز کی منظوری دی ہے، وومن یونیورسٹی کے لیے بھی زمین حاصل کی جارہی ہے، ہر ممکن کو شش کی جارہی ہے کہ اس مسئلے کو حل کریں۔

یہ بھی پڑھیں: ملالہ نے بھارت کو ہرادیا

گرلز کالجز میں داخلوں سے محروم رہ جانے والی ان طالبات نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کا تعلیمی سلسلہ جاری رکھنے کے لیے حکومت فوری اور موثر اقدامات کریں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی نے مقبوضہ کشمیر کی صورتِ حال پر گہری تشویش کا اظہار کیا تھا۔

ملالہ یوسف زئی نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک بیان میں کہا ہے کہ کشمیر میں بچوں سمیت 4 ہزار افراد کو گرفتار کر کے قید کرنے کی رپورٹس پر تشویش ہے۔