کشمیر کا مسئلہ سیاسی نہیں ہماری بقاءکا ہے ‘فردوس عاشق اعوان

September 17, 2019

اسلام آباد(اے پی پی)معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر سیاسی نہیں ہماری بقاءکا مسئلہ ہے‘چوروں ، ڈاکوؤں کےلئے نہیں بلکہ اس وقت مظلوم اور نہتے کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کےلئے سیاسی اے پی سی ہونی چاہئے‘بھارتی سپریم کورٹ نے ہندوستان کے بیانیہ کو ملیا میٹ کر دیا ہے‘ جنگیں جوش سے شروع ہوتی ہیں لیکن انہیں ختم کرنے کےلئے ہوش کا سہارا لینا پڑتا ہے، عمران خان واحد لیڈر ہیں جو ہوش اور جوش دونوں کا استعمال کرنا جانتے ہیں‘27ستمبرکو وزیراعظم عمران خان کا اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں تاریخی خطاب ہو گا‘مقبوضہ جموں و کشمیر میں بڑھتا ہوا ظلم آخری سانسیں لے رہا ہے‘عوام کی خوشحالی اور قومی ترقی کے لئے حکومتی اقدامات کے ثمرات سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں‘پہلی بار حکمرانوں کے بجائے قومی خزانے کی آمدن بڑھ رہی ہے۔ پیرکو یہاں آل پارٹیز یکجہتی کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ جہاں عزتیں داؤ پر لگ جائیں وہاں سب کو ایک ہونا پڑتا ہے، مشکل وقت پر قوم کے نام پر سیاست کے چمپیئنز کو قوم دیکھ رہی ہوتی ہے کہ بحرانی صورتحال میں میں ان کا کیا کردار ہوتا ہے۔