کوشش ہوگی کپتان سرفراز بیٹنگ میں خود کوکم ترمحسوس نہ کریں، مصباح الحق

September 22, 2019

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ مصباح الحق کا کہنا ہے کہ اس بات کا جواب تو وقت ہی دے گا کہ اگر سرفراز کارکردگی نہیں دکھائیں گے تو کپتان کی حیثیت سے یہ ان کی آخری سیریز ہوگی۔مستقبل کے فیصلوں کا اللہ ہی کو علم ہوتا ہے۔ہفتے کو لاہور میں پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں سرفراز احمد کوکپتان کی حیثیت سے بیٹنگ میں اتنے مواقع نہیں ملے ،جتنی ان میں صلاحیت ہے۔سرفراز احمد نے اپنی فٹنس اور بیٹنگ پر بہت محنت کی ہے۔اگر سرفراز احمد بیٹنگ میں اپنے آپ کو سوفیصد موقع دے گے تو یقینی طور پر پاکستان کو میچ جتوائے گے۔میری کوشش ہوگی کہ سرفراز بیٹسمین کی حیثیت سے اپنے آپ کو کم تر محسوس نہیں کریں۔وہ بیٹنگ میں اپنے رول کو پورا کرے گا۔مصباح الحق نے کہا کہ محمد حفیظ اور شعیب ملک کی ٹی ٹوئینٹی میں اچھی کارکردگی دکھائی ہے دونوں پلان کا حصہ ہیں کسی بھی کھلاڑی کو مکمل نظر انداز نہیں کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ شعیب ملک ریٹائر ہو چکے ہیں اور محمد حفیظ بھی سیریز کے لیے دسیتاب نہیں تھے اور اسی وجہ سے ہم نے افتخار احمد کو ٹیم کا حصہ بنایا ہے کیونکہ وہ آف اسپن باؤلنگ کی اضافی خوبی کے حامل ہیں، ماضی میں شعیب ملک اور محمد حفیظ کی موجودگی کی وجہ سے ان کی ٹیم میں جگہ نہیں بنتی تھی لیکن اب دونوں تجربہ کار کھلاڑی موجود نہ ہونے کے سبب افتخار احمد کو ان کے متبادل کے طور پر ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔مصباح نے کہا کہ سلیکشن کمیٹی اراکین سے طویل مشاورت اور منصوبہ بندی کے بعد بہترین دستیاب اسکواڈ تشکیل دیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اس سیزن ہم نے صرف 50اوورز کے میچز کھیلنے ہیں اس لیے ہم اس سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں، میں نے اپنے پورے کیریئر میں یہ سیکھا ہے کہ کوئی بھی میچ یا حریف آسان نہیں ہوتا۔محمد رضوان، عابد علی اور عثمان شنواری عمدہ کارکردگی کے باوجود بدقسمتی سے ورلڈ کپ اسکواڈ میں جگہ نہ بنا سکے اور ان کی مستقل اچھی کارکردگی کو مدنظر رکھ کر انہیں ٹیم میں دوبارہ شامل کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سیریز نوجوان کھلاڑیوں کے اپنی اہلیت کا لوہا منوانے اور ون ڈے ٹیم میں اپنی جگہ پکی کرنے کا بہترین موقع ہے۔ہیڈ کوچ نے کہا کہ اب تک عماد وسیم ہی ہمارے پاس ایک ایسے کھلاڑی تھے جو بولنگ کرنے کے ساتھ ساتھ نچلے نمبروں پر آ کر اچھی اور جارحانہ بیٹنگ بھی کر رہے تھے لیکن ہم نے مستقبل کو مدنظر رکھتے ہوئے محمد نواز کو تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ڈومیسٹک کرکٹ میں عماد بٹ اور عامر یامین جیسے آل راونڈرز موجود ہیں۔