پھانسی کی سزا کیخلاف 4 قیدیوں کی اپیل منظور،سزا کالعدم

September 29, 2019

حیدرآباد(بیورورپورٹ)سندھ ہائی حیدرآباد سرکٹ بنچ نے 18سال سے جیل میں قید قتل کے مقدمے میں پھانسی کے منتظر 4 قیدیوں کی سزا وکلا کے دلائل کے بعدکالعدم قراردے کر انہیں بری کردیا ۔ایڈیشنل سیشن جج بدین نے 2009 میں تھانہ نندوشریف ضلع بدین کی حد میں غلام حسین ملاح نامی شخص کو کلہاڑیوں کے وار کرکے قتل اوراس کے کزن کو زخمی کرنے کے الزام میں جرم ثابت ہونے پر 4 ملزمان رمضان ملاح،غلام رسول ،اللہ جڑیو اور رب نواز کوپھانسی کی سزاسنائی تھی ۔ سزا کے خلاف سینٹرل جیل میں 18 سال سے پھانسی کے منتظر 4 قیدیوں رمضان،غلام رسول ،اللہ جڑیو اور رب نواز نےسندھ ہائی کورٹ حیدرآباد سرکٹ بنچ میں اپیل دائر کی تھی۔گذشتہ روزجسٹس اقبال مہراور جسٹس ارشاد علی پر مشتمل ڈویژن بنچ نےسزا کالعدم قرار دے کر انہیں قتل کے مقدمےسے بری کرتے ہوئے رہا کرنے کا حکم دیدیا ۔