میڈیٹرینین گارڈن اسٹائل

October 04, 2019

بحیرۂ روم(Mediterranean Sea)، جسے بحیرۂ متوسط یا بحیرۂ ابیض بھی کہا جاتا ہے، تین براعظم افریقا، یورپ اور ایشیا کے درمیان ایک سمندر ہے، جو تقریباً چاروں طرف زمین سے گھرا ہوا ہے۔ یہ صرف ایک حصے سے کھلا ہے، جہاں اسپین اور مراکش آمنے سامنے ہیں اور درمیان محض میں چند کلومیٹر کا سمندر ہے۔

اگر ہم بحیرۂ روم کے اردگرد کے ممالک جیسے اسپین ، فرانس ، یونان وغیرہ کے مضافات کو دیکھیں تو یہاں بنائے گئے میڈیٹرینین باغات اپنی جداگانہ شناخت وانداز رکھتے ہیں۔

نرم مزاج رنگوں ، خاموش طبع اور چمکدارپیٹرن والے ٹائلز ، ریتی اورپتھر سے بنے راستے ، مختلف اشکال میںکانٹ چھانٹ کی گئی جھاڑیاں و گھاس اور موسم کی سختیاں جھیلنے والے غیر روایتی پودے ہر کسی کو اپنے سحر میںجکڑ لیتے ہیں۔ میڈیٹرینین پودوںکے صرف پھول ہینہیں،ان کے پتے بھی خوشبو دیتے ہیں۔ اگر آپ کا ارادہ میڈیٹرینین گارڈن اسٹائل اپنانے کا ہے تو آپ کو کچھ عناصر کو دھیان میں رکھنا ہوگا۔

سائبان والی بیٹھک

میڈیٹرینین گارڈن اسٹائل میں سائبان مکمل کور نہیںہوتا بلکہ اس کی جنگلے نما چھت ہری بھری بیلوں اور پودوںسے ڈھکی ہوتی ہے۔ سردیاںہو ں یا گرمیاں، اس ہر بھرے سائبان سے چھن کر آنے والی دھوپ میںبیٹھ کر چائے پینے کاالگ ہی مزہ ہے۔

لکڑی پر کھڑے سائبان کو آپ مختلف پودوںیا بیلوں سے سجا سکتے ہیں، چاروںطر ف سے مہکتے پھولوں سے سجی اس بیٹھک میںآپ راحت بھرے لمحات کا لطف اٹھا سکتے ہیں۔ اگر یہ داخلی دروازے کے بالکل ساتھ بنا ہو تو آپ کے گھر کی خوبصورتی میں بے پنا ہ اضافہ ہو جاتا ہے۔

گملے اور مرتبان

کچی مٹی اور گارے سے بنے گملے اور مرتبان میڈیٹرینین اسٹائل کا خاصہ ہیں۔ مرتبان ہر سائز میں آتے ہیں اور آپ اپنے گارڈن کی گنجائش کے حساب سے کہیںبھی انہیںرکھ سکتے ہیں۔ وہ گملے یا مرتبان استعمال کریںجو نیچے سے چوڑے ہوں اور مٹی یا پودے کے وزن سے نہ ٹوٹیں ۔

مٹی کے ان مرتبانوںمیں پانی بخارات کی شکل میںنکلتا رہتاہے اور یہ دھوپ میں بھی ٹھنڈے رہتے ہیں۔ یہ یاد رہے کہ آپ کو پودوں کو باقاعدگی سے پانی دینا ہے کیونکہ پودوںکے پاس پانی کا ذخیرہ مختصر مدت کیلئے ہوتا ہے۔ گملوں کے نیچے سوراخہوتاہے اگر اس کے نیچے بھی مٹی سے بنی ٹکیہ رکھ دیںگے تو پانی زیادہ مدت کیلئے اسٹور ہو جائے گا۔

کچی مٹی اور ریت سے بنا فرش

میڈیٹرینین گارڈ ن کیلئے اگر آپ کو پانی کی کمی کا سامنا ہے تو گھاس کے لان کو کم یا ختم کرکے اس کو ریتی بجری یا چھوٹے پتھروں سے بھر دیں۔ اس طرح پانی کے استعمال میںکمی آتی ہے اور آپ کو دیکھ بھال بھی کم کرنی پڑتی ہے۔ اس میں ادھ سڑی گھاس (Mulches)پیدا ہوتی ہیں، جو گارڈن کی افادیت بڑھاتی ہیں۔

واٹر فیچرز

میڈیٹرینین گارڈن واٹر فیچر کے بغیر مکمل نہیںہوتا ، خاص طور پر گرمیوں میںکیونکہ گرمی کی شدت کم کرنے اور ہوا کو ٹھنڈا کرنے میںیہ بہت کام آتا ہے۔ بہتا اور گرتا ہوا پانی گارڈن کو چار چاند لگادیتاہے۔ پانی کی دھار اور اس کی سریلی آواز طبیعت پر اچھا اثر ڈالتی ہے اورآپ اپنی پریشانیاںبھول کر ا س کی رعنائی میں گم ہوجاتے ہیں۔ آرائشی تالاب ہو یا فوارہ، آپ کے گارڈن کی شان بڑھا دیتاہے۔ ایسے ماحول کو تو تتلیاں اور پرندے بھی خوب انجوائے کرتے ہیں۔

میڈیٹرینین ٹائلز

قدیم مصری سرزمین سے وابستہ مورش (Moorish)موزیک، آرائش کو بڑھاوا دیتے ہیں، شیشے سے بنے یہ رنگین ٹائلز دیواروں، برآمدےاور صحن کو سجانے کے بھی کام آتے ہیں۔ اس کے مختلف النوع رنگ اور اسٹائل سے بھرپور پیٹرن باغیچے کو ڈرامائی انداز دیتے ہیں۔ سِٹنگ ایریا ہویا سیڑھیاں ، ان ٹائلز سے رنگوں کی بہار میں اضافہ ہوجاتاہے۔

پتھروںسے سجاوٹ

گول چپٹے سفید یا بھورے پتھروں اور سنگریزوںسے بنے پیسیج کے بغیر میڈیٹرینین گارڈن مکمل نہیںہوتابلکہ یہ اس کی خوبصورت تکنیک میںشمار ہوتاہے۔ پتھروں والے موزیک کی تو قدیم تاریخ ہے، جو مشرقی میڈیٹرینین والے علاقوں جیسے کہ مصر وغیرہ میںمقبول تھے اورآج بھی یہ مقبول و عام ہیں۔ آپ مختلف رنگوں اور سائز کے پتھروںسے اپنی مرضی کا ڈیزائن بنواسکتے ہیں۔

تراشیدہ پودے اور گھاس

تراشید ہ پودے باغ کا آرکیٹیکچرل فریم ورک کہلاتےہیں۔ آپ کو درخت یا جھاڑیاں مختلف اشکال یا مجسمہ نظر آتی ہیں۔ بعض اوقات یہ اشکال کیوبیکل یا دائرہ کی شکل کی ہوتی ہیں جس میںصرف دو افراد بیٹھ سکتے ہیں۔ یہ انداز آپ کے گارڈن کے حسن کو بھی جلا بخشتا ہے۔