مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثناءاللّٰہ کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت سے نہیں، اسٹیبلشمنٹ سے بات کرنا چاہتی ہے۔
’جیو نیوز‘ کے پروگرام ’جیو پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی شروع سے یہی کوشش ہے کہ اسٹیبلشمنٹ سے بات سیدھی ہوجائے، پی ٹی آئی سیاسی مذاکرات کرنا ہی نہیں چاہتی ان سے کیا بات کریں۔
رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کہتے ہیں مذاکرات میں ان کی رہائی کی بات نہ کی جائے، وہ تو کہتے ہیں ان کی رہائی عدالتوں سے ہو۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنما کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی نے پہلے خود ہی 5 اگست کے احتجاج کا کہا تھا اب خود ہی 90 دن کا پروگرام دے دیا ہے، اگر وہ پُرامن رہیں گے تو ٹھیک ہے ورنہ قانون اپنا راستہ لے گا۔
انہوں نے کہا کہ ن لیگ اور جے یو آئی خیبر پختونخوا کے سینیٹ الیکشن میں ووٹ کا حق مل کر استعمال کریں گی، ن لیگ اور جے یو آئی کی صوبائی جماعتوں کے درمیان بات چیت جاری ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہم ملک کو فلاحی ریاست بنانے کی جدوجہد کر رہے ہیں، میثاق معیشت ہونا چاہیے، ملک کو فلاحی ریاست بنانے میں تعاون سے تمام جماعتوں کا فائدہ ہوگا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سیکریٹری اطلاعات پی ٹی آئی ملک عدیل نے کہا کہ 5 اگست تک تحریک کے لیے تیاری کرنی ہے، اختیار جن کے پاس ہے ملک کے لیے مذاکرات پر تیار ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ ملک میں قانون کی بالادستی کے لیے مذاکرات پر ہم ہر وقت تیار ہیں۔