• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب اور بلوچستان کے کئی شہروں میں موسلادھار بارش، نشیبی علاقے زیر آب

فائل فوٹو
فائل فوٹو

پنجاب اور بلوچستان کے کئی شہروں میں رات سے تیز اور ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔

ڈیرہ غازی خان، کمالیہ، کوہلو میں موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں، گلی محلوں میں کئی فٹ پانی جمع ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں خیبر پختونخواہ، بلوچستان، کشمیر، پنجاب، سندھ اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر بارش کی توقع ہے۔

گزشتہ رات سے ڈیرہ غازی خان، تونسہ اور کوہ سلیمان کے پہاڑی سلسلے میں وقفے وقفے سے بارش جاری ہے۔

صدر بازار، لیاقت بازار، کمیٹی روڈ، قائد اعظم روڈ پر بارش کا پانی جمع ہے جبکہ لوگوں کے گھروں اور دکانوں میں بھی پانی داخل ہوگیا۔

کمالیہ میں موسلادھار بارش سے کچہری، اسسٹنٹ کمشنر آفس، اقبال بازار سمیت متعدد سڑکوں پر بارش کا پانی جمع ہے جبکہ متعدد فیڈر ٹرپ ہونے سے کئی علاقوں میں بجلی کی سپلائی معطل ہوگئی۔ ماموں کانجن روڑ کے اطراف سیوریج لائن بری طرح متاثر ہے۔

 گجرات، حافظ آباد، سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے جبکہ کوہلو شہر میں بھی تیز بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے جس سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

ادھر مغربی جانب کوہ سلیمان کے پہاڑوں سے آنے والے برساتی نالے بھی تونسہ کے باسیوں کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا رہے ہیں۔ 

تونسہ کے مشرقی علاقے میں 20 سے زائد کچی بستیاں زیرِ آب آ چکی ہیں جبکہ لوگ خوف زدہ ہیں اور کئی خاندان محفوظ مقام کی تلاش میں نکل پڑے ہیں۔

پانی نے کئی علاقوں کا زمینی رابطہ کاٹ دیا اور لوگ اپنے مال مویشی سمیت خطرے میں گھرے ہوئے ہیں۔

انتظامیہ کا دعویٰ ہے کہ انتظامات مکمل ہیں لیکن لوگ باہر آنے کے لئے آمادہ نہیں ہیں۔

قومی خبریں سے مزید