کراچی میں ایک اور ڈینگی کی مریضہ چل بسی

October 09, 2019

کراچی میں ڈینگی وائرس نے ایک اور فرد کی جان لے لی، 28 سالہ کنول اسٹیڈیم روڈ پر واقع نجی اسپتال میں زیرِ علاج تھی۔

خاتون کی ہلاکت کے بعد رواں سال ڈینگی سے ہلاکتوں کی تعداد 16 ہو گئی ہے۔

اسٹیڈیم روڈ پر واقع نجی اسپتال میں زیرِ علاج 28 سالہ کنول ایک ہفتہ قبل اسپتال میں داخل ہوئی تھی جو گزشتہ روز دم توڑ گئی جس کے بعد شہر میں رواں سال ڈینگی سے ہلاکتوں کی تعداد 16 ہوگئی ہے۔

دوسری جانب انسدادِ ڈینگی کنٹرول پروگرام کی جانب سے تاحال اس نئی ہلاکت کی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔

انسدادِ ڈینگی کنٹرول پروگرام کے ترجمان کے مطابق شہرِ قائد میں 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی سے 119 افراد متاثر ہو گئے۔

یہ بھی پڑھیئے: کراچی میں ڈینگی کے 2 مریض چل بسے

ترجمان انسدادِ ڈینگی کنٹرول پروگرام کا یہ بھی کہنا ہے کہ ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد 4270 تک جا پہنچی ہے، جبکہ صوبے کے دیگر اضلاع میں ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد 268 تک جا پہنچی ہے۔