ٹی 20 سیریز، سری لنکا کا پاکستان کیخلاف کلین سوئپ، صفائی مہم مکمل

October 10, 2019

لاہور(جنگ نیوز) پاکستان کے بیٹسمینوں نے ایک بار پھر ہوم گراؤنڈ پر گھٹنے ٹیک دیے۔ سری لنکا کی صفائی مہم مکمل ہوگئی، نوجوان کھلاڑیوں نے عالمی نمبر ایک کو دھول چٹادی اور نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے پہلی بار ہوم گرائونڈ پر تین صفر سے شکست دیدی ۔ تیسرا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل بھی13 رنز سے جیت کرکلین سوئپ کیا۔ پاکستانی ٹیم ہوم گرائونڈ پر پہلی بار وائٹ واش کا شکار ہوئی اس سال پاکستان کو مسلسل پانچویں میچ میں شکست ہوئی ہے۔ اس سے قبل چار سال قبل انگلینڈ نے پاکستان کو تین صفر سے شکست دی تھی۔ مصباح الحق کی کوچنگ میں پاکستان ٹیم کو پہلی سیریز میں ہار کا منہ دیکھنا پڑا۔ لیگ اسپنر ونندو ہاسا رنگا کو مین آف دی میچ اور مین آف دی سیریز ایوارڈ دیا گیا۔ سیریز جیتنے کے بعد سری لنکا کے کھلاڑیوں نے گرائونڈ کا چکر لگا کر تماشائیوں کا شکریہ ادا کیا۔ پاکستان کی فیلڈنگ خراب تھی بیٹنگ لائن مسلسل تیسرے میچ میں ہدف پورا نہ کرسکی۔ کپتان سرفراز احمد نے کیچ ڈراپ کیا اسٹمپڈ چھوڑا اور بیٹنگ میں 16گیندوں پر17 رنز بناسکے۔ سری لنکا نے سات وکٹ پر147رنز بنائے۔ پاکستانی ٹیم چھ وکٹ پر 134رنز بناسکی۔ بابر اعظم اور حارث سہیل کے درمیان 76رنز کی پارٹنرشپ نے پاکستان کو قریب پہنچا دیا تھا۔ بابر اعظم32گیندوں پر27رنز بناکر کمارا کی گیند پر کاٹ بی ہائینڈ ہوئے۔ حارث سہیل نے50گیندوں پر52رنز کی اننگز کھیلی۔ جس میں ایک چھکا اور چار چوکے شامل تھے۔ حارث سہیل، عماد وسیم اور آصف علی دس رنز کے اضافے کے بعد آئوٹ ہوئے۔ پاکستان کی اننگز کا آغاز تباہ کن انداز میں ہوا۔ کمزور تکنیک والے اوپنر فخر زمان بغیر کوئی رن بنائے بولڈ ہوگئے۔ عماد وسیم تین، آصف علی ایک رن بناسکے۔ وہاب ریاض 12اور افتخار احمد17رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے۔ ونندو ڈی سلوا نے21رنز دے کر تین جبکہ لہیرو کمارا نے دو وکٹ حاصل کئے۔ قبل ازیں پہلا ون ڈے کھیلنے والےفرنینڈو 48 گیندوں پر 78 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے ان کی اننگز میں 8دلکش چوکے اور 3 شاندار چھکے شامل تھے۔

Your browser doesnt support HTML5 video.

ٹی 20 سیریز، سری لنکا کا پاکستان کیخلاف کلین سوئپ

محمد عامر نے27رنز دے کر تین وکٹ حاصل کئے۔ عثمان شنواری کے چار اوورز میں43 رنز بنے۔ عماد وسیم نے18رنز کے عوض ایک وکٹ حاصل کی۔ وہاب ریاض نے26اور شاداب خان نے32رنز دیے۔ گوناتھلاکا 8، سمارا اوکراما 12، راجا پاکسے 3، پریرا 13، شناکا 12، مدوشانکا 1 اور ڈی سلوا 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ٹاس سری لنکا کے کپتان داسن شناکا نے جیتا اور بیٹنگ کا فیصلہ کیا ۔ پاکستان نے 58پر چار وکٹیں حاصل کرلی تھیں لیکن اوشادا فرنینڈو پاکستانی بولروں کے خلاف ڈٹ گئے اور سری لنکا کو وننگ ٹوٹل کی جانب لے گئے۔