قومی انڈر19ون ڈے ٹور نامنٹ ، سندھ کی دوسری کامیابی

October 13, 2019

کراچی( اسٹاف رپورٹر) قومی انڈر19ون ڈے ٹور نامنٹ کے دوسرے رائونڈ میں سندھ نے سدرن پنجاب کو 199 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر دوسری کامیابی حاصل کرلی ہے۔سندھ کی جانب سے صائم ایوب نے شاندار اسکور کی۔ڈرنگ اسٹیڈیم میں سندھ نے 5 وکٹوں پر 307رنز بنائے، صائم ایوب نے 104رنزکی شاندار اننگز کھیلی۔ 111 گیندوں کا سامنا کرنے والے صائم ایوب کی اننگز میں 13 چوکے اور 1 چھکا شامل تھا۔ جہانزیب سلطان نے 6 چوکے اور 2 چھکوں کی مدد سے71 رنز بنائے۔ جواب میں سدرن پنجاب کی پوری ٹیم 108 رنز بناسکی۔ میزبان ٹیم کے 8 کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل نہ ہوسکے۔ سدرن پنجاب کی جانب سے باسط علی 26 رنز بنا کر نمایاں بیٹسمین رہے۔ سندھ کے فاسٹ باؤلر محمد مکی اور اسپنر عامر علی نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔دوسری جانب خیبرپختونخوا نے اسپنر معاذ صداقت کی عمدہ بولنگ کی مدد سے سنٹرل پنجاب کو 50 رنز سے مات دے دی۔ جناح اسٹیڈیم سیالکوٹ میں بلوچستان نے ناردرن کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی۔محمد جنید نے 56 گیندوں پرناقابل شکست68 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلادی۔ ناردرن کے اسپنر مہران ممتاز نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔