پشاورہائیکورٹ کاپارکنگ کی آڑ میں پیسے لینے پر برہمی کا اظہار

October 17, 2019

پشاور(نیوزرپورٹر) پشاور ہائی کورٹ نے صدر روڈ پرخریداری کیلئے آنے والے لوگوں کو بے جا تنگ کرنے اور پارکنگ کی آڑ میں پیسے لینے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کنٹونمنٹ بورڈ حکام سے رپورٹ طلب کرلی،کیس کی سماعت جسٹس قیصر رشید اور جسٹس محمد نعیم انور پر مشتمل دورکنی بینچ نے کی، اس موقع پر کنٹونمنٹ بورڈ کے وکیل احسان اللہ بھی عدالت میں پیش ہوئے، دوران سماعت جسٹس قیصر رشید نے ریمارکس دیئے کہ انہیں شکایت موصول ہوئی ہے کہ لوگوں کو بے جاتنگ کیا جاتا ہے،شاپنگ کیلئے سڑک کے کنارے گاڑی کھڑی کرنے والے عام لوگوں سے بھی پارکنگ فیس لی جاتی ہے، اگر آپ لوگ پارکنگ سہولت فراہم کریں اور گاڑیوں کی سکیورٹی کرتے ہیں تو ہم بھی اسکی ستائش کرینگے، لیکن اگر کوئی تھوڑی دیر کیلئے شاپنگ یا خریداری کیلئے روڈ پر گاڑی کھڑی کرتا ہے تو اس بھی پیسے لیے جاتے ہیں۔ انہوں نے وکیل سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ کیا متعلقہ ٹھیکہ دار کو گرفتار کرنے کا حکم دے دیں۔ عدالت نے فیس وصولی وغیرہ سے متعلق کینٹونمنٹ بورڈ وکیل کو اگلی سماعت پر رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا ۔