جاپانی قونصل جنرل کی کراچی پولیس چیف کی تعریف

October 17, 2019

توشیکازو ایسومورا نے کراچی میں مقیم جاپانی شہریوں کی سیکورٹی کے حوالے سے پولیس چیف سے بات چیت کی۔

قونصل جنرل آف جاپان توشیکازو ایسومورا نے کراچی میں منشیات کے عادی جرائم پیشہ افراد کو فعال شہری بنانے کے لیے کراچی پولیس چیف ڈاکٹر غلام نبی میمن کی کوششوں کی تعریف کی ہے۔

انہوں نے کراچی پولیس چیف کے اس رفاعی کام کے لیے سٹیزن پولیس لائژن کمیٹی کو حکومت جاپان کی جانب سے ایک کروڑ روپے کی گرانٹ دلانے کی کوشش کا وعدہ کیا۔

جاپانی قونصل جنرل توشیکازو ایسو مورا نے کراچی پولیس ہیڈ آفس صدر میں ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن سے ملاقات کی۔ توشیکازو ایسومورا نے کراچی میں مقیم جاپانی شہریوں کی سیکورٹی کے حوالے سے پولیس چیف سے بات چیت کی۔

قونصل جنرل نے ملیر کینٹ میں مقیم ایک جاپانی خاندان کی سیکورٹی کے سلسلے میں فوری اقدامات کرنے اور کارروائی میں ملوث ملزم کو فوری گرفتار کرنے پر کراچی پولیس کا شکریہ ادا کیا۔

قونصل جنرل نے اس حوالے سے ڈی آئی جی ایسٹ عامر فاروقی کے کام کی خاص طور پر تعریف کی۔

کراچی پولیس چیف غلام نبی میمن نے کراچی میں جرائم کے خاتمے اور پولیس کو کرپشن سے پاک کرنے کے لیے کیے گئے اقدامات سے قونصل جنرل جاپان کو آگاہ کیا۔ کراچی پولیس چیف غلام نبی مین نے کراچی میں مختلف جرائم میں منشیات کے عادی افراد کے ملوث ہونے کی نشاندہی کی۔

غلام نبی میمن نے جاپانی قونصل جنرل کو بتایا کہ ان کی کوششوں سے مختلف این جی اوز اور اسپتال منشیات کے عادی افراد کا علاج کرکے پولیس کی مدد کر رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں سی پی ایل سی سے بھی کام لیا جا رہا ہے۔

قونصل جنرل نے حکومت جاپان کی جانب سے منشیات کے عادی افراد کی بحالی کے لیے سی پی ایل سی کو ایک کروڑ روپے کی گرانٹ دلانے کے لئے کوشش کرنے کا وعدہ کیا۔