نیب کا فوکس پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن ہیں، قمر زمان کائرہ

October 19, 2019

پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ نیب کا فوکس پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن ہیں، باقی سب ان کے چنگل سے نکل گئے ہیں۔ وزیراعظم نے عوام کو خوفناک خواب دکھائے تھے۔ یہ حکومت اب نہیں رہ سکتی اس کا رہنا قابل برداشت نہیں۔

لاہور میں پارٹی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ حکومت کی ملک کے اندر ثالثی نہیں ہو سکی اور چلے ہیں دوسرے ملکوں کی ثالثی کرانے۔ حکومت نے مسئلہ کشمیر کو پس پشت ڈال دیا ہے، اسی لیے اسلامی ریاستیں بھی ان کا ساتھ چھوڑ گئی ہیں۔

انہوںنے کہا کہ بھارتی وزیراعظم اور وزیر داخلہ پاکستان کے ٹکڑے کرنے اور پانی بند کرنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں اور حکومت خاموش ہے۔

پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ آصف زرداری کی طبیعت ٹھیک نہیں، انہیں اسپتال منتقل نہیں کیا جارہا۔ اگر یہی صورت حال رہی تو پیپلز پارٹی احتجاج کی طرف جائے گی۔