گوتم گمبھیر کی پاکستانی بچی کے علاج کیلئے ویزا حصول میں مدد

October 19, 2019

گوتم گمبھیر نے بھارتی وزیرخارجہ سے پاکستانی بچی اور والدین کیلئے ویزا کی درخواست کی تھی۔

بھارت کے سابق ٹیسٹ کرکٹر اور بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ گوتم گمبھیر نے دل کے عارضے میں مبتلا 6 سالہ پاکستانی بچی عمیمہ علی اور اُس کے والدین کے لیے بھارتی ویزے کے حصول میں مدد کی ہے۔

بھارتی اخبار کے مطابق گوتم گمبھیر نے بھارتی وزیرِخارجہ سبرامنیم جے شنکر کو لکھے گئے ایک خط میں درخواست کی تھی کہ پاکستان میں موجود ایک لڑکی کے والدین اُسے دل کے آپریشن کے لیے بھارت لانا چاہتے ہیں۔

گوتم گمبھیر نے بھارتی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ ’’میں نے وزیر برائے امورخارجہ سے درخواست کی تھی، میں شکرگزاز ہوں کہ انہوں نے اسے قبول کیا اور ویزا دے دیا۔

سابق بھارتی کرکٹر نے وزیراعظم اور وزیرداخلہ کا بھی شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ یہاں اُس کا اچھا علاج کیا جائے گا۔

گمبھیر کے نام بھارتی وزیرخارجہ کے خط کا عکس

گوتم گمبھیر کے خط پر کارروائی کرتے ہوئے ایس جے شنکر نے اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن سے کہا کہ بچی اور اس کے والدین کو ویزا جاری کیا جائے تاکہ وہ بھارت کا سفر کرسکیں۔

سابق بھارتی کرکٹر نے بھارتی وزیرخارجہ کی جانب سے اُن کو لکھے گئے خط کا عکس بھی شیئر کیا ہے جس میں آگاہ کیا گیا ہے کہ بچی اور اُس کے والدین کو اسلام آباد میں ویزے جاری کردیئے گئے ہیں۔