وزیراعظم کے گھبرانے کا وقت ا ٓگیا، وزیراعظم گالیاںنکالتے ،وزراء مذاکرات کا جھانسہ دیتے ہیں،ن لیگ

October 20, 2019

راولپنڈی(نمائندہ جنگ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے فسطائیت کیخلاف کھڑے ہونے کو عین جمہوریت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم گالیاں نکالے اور وزراء مذاکرات کا جھانسہ دیں یہ ممکن نہیں، نااہل اور نالائق حکومت قومی، دفاعی اور خارجی سلامتی و بقاءکا مسئلہ بن چکی ہے، اسے جانا ہوگا۔

حکومت کے گھبرانے کاوقت آگیاہے، مفتی یو ٹرن فضائل دھرنہ اور استعفی پر اپنے فتاوی کا مطالعہ کریں، حکومتی مذاکرات کی پیشکش بغل میں چھری منہ پہ رام رام کے مترادف ہے۔

حکومتی مذاکراتی ٹیم کی پریس کانفرنس پر ردعمل میں احسن اقبال نے کہاکہ احتجاج عوام کا آئینی، قانونی اور جمہوری حق ہے، خود دھرنے دینے والے اس پر کیسے اعتراض کر سکتے ہیں؟ 126 دن کے دھرنے میں اسکول بند رہے، چینی صدر کا دورہ نہ ہوسکا، اب بچوں کی تعلیم کا خیال آ رہا ہے؟

مذاکرات سے پہلے عمران خان 2014 کے دھرنے پر قوم اور نواز شریف سے معافی مانگیں، پی ٹی وی، سپریم کورٹ اور پارلیمنٹ پر چڑھائی کرنیوالے کس منہ سے درس دے رہے ہیں؟

سول نافرمانی، ہنڈی اور منتخب وزیراعظم کو گلے سے گھسیٹ لاؤ کے نعرے آج بھی لوگوں کے ذہن میں محفوظ ہیں، انہوں نے کہا طرفہ تماشا جاری ہے، ایک طرف نالائق وزیراعظم مذاکراتی ٹیم کا دھوکہ دیتا ہے تودوسری جانب سیاسی مخالفین کو گالیاں دیتا اور تضحیک کرتا ہے۔

موجودہ حکومت کے پاس کارکردگی دکھانے کیلئے کچھ نہیں، انکے پاس اپنی نالائقی اور نااہلی چھپانے کیلئے کوئی بیانیہ موجود نہیں، شہبازشریف اور مولانا فضل الرحمٰن ہی نہیں پورا پاکستان آپکو نااہل اور ناکام کہہ رہا ہے۔

پارلیمان کو تالا، اپوزیشن کو انتقامی کارروائی کا نشانہ بنانا، مخالف آواز بند کرنا، ایسی فسطائیت کیخلاف کھڑا ہونا عین جمہوریت ہے۔