ایف اے ٹی ایف کا ایکشن پلان 2020 میں مکمل کرلیں گے، حماد اظہر

October 23, 2019

وفاقی وزیر اقتصادی امور حماد اظہر نے کہا ہے کہ 2020 میں فنانشل ایکشن ٹاسک فورس( ایف اے ٹی ایف ) کا 27 آئٹمز پر مشتمل ایکشن پلان مکمل کرلیں گے۔

اسلام آباد میں نیوز کانفرنس سے خطاب میں حماد اظہر نے کہا کہ بھارت کے خلاف پہلے بھی اعتراضات اٹھائے، آئندہ بھی ایف اے ٹی ایف کے فورم کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کی گئی تو موثر دفاع کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایف اے ٹی ایف کے اجلاس میں پاکستان کی کار کردگی کو سراہا گیا، وزارت اقتصادی امور ڈویژن کے ماتحت ایف اے ٹی ایف سیکرٹریٹ بھی قائم کیا جا رہا ہے۔

حماد اظہر نے یہ بھی کہا کہ وزارت داخلہ، خارجہ، ایس ای سی پی اور سکیورٹی اداروں نے مل کر کاوشیں کیں، آئی سی آر جے کے ایکشن پلان کو 2020 میں مکمل کرنے کا عزم ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ فروری 2018 میں پاکستان کو گرے لسٹ میں شامل کیا گیا، ایف اے ٹی ایف کی ستمبر 2018 تک کی رپورٹ اگست 2019 میں شائع ہوئی۔

وفاقی وزیر اقتصادی امور نے مزید کہا کہ ستمبر 2019 کی رپورٹ کے مطابق پاکستان نے گزشتہ 9 ماہ میں نمایاں پیشرفت کی ہے، اکتوبر 2020 تک پاکستان کو اے پی جی کے تحت وقت مل جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اوسطاً اڑھائی سال میں اکثر ملک گرے لسٹ سے نکلتے ہیں، یورپی ملکوں سمیت کئی ممالک نے پاکستان کے اقدامات کی تعریف کی۔