حلوہ مارچ کے دوسرے دن ہی تعفن پھیل گیا، فواد چوہدری

November 02, 2019

وفاقی وزیرسائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ حلوہ مارچ کے دوسرے دن ہی بدبو سے پشاور موڑ کے گردو نواح میں تعفن پھیل گیا ہے ، مارچ کے شرکاء حلوے کھانے کے بعد صفائی کا انتظام بھی خود کریں ۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ مارچ کے شرکاء صفائی کا انتظام بھی خود کریں جیسے کہ پاکستان تحریک انصاف کے رضاکار کرتے تھے کیونکہ سی ڈی اے کو صفائی کے لیے کروڑوں روپے کا فنڈ مختص کرنا پڑ رہا ہے ۔

انہو ں نے کہا کہ بلاول صاحب کی موجودگی میں فضل الرحمٰن صاحب سے سوال بنتا ہے کہ بے نظیر بھٹوسمیت سینکڑوں پاکستانیوں کی شہادت کے ذمہ دار بیت اللہ محسود اور حکیم اللہ سے ان کا کیا تعلق تھا؟ کیا بیت اللہ جے یو آئی وزیرستان کا امیر نہیں تھا؟

فواد چوہدری نے کہا کہ ہم اس لیے تحمل کا مظاہرہ کررہے ہیں کیونکہ وزیر اعظم عمران خان نے یہ ہدایت کی ہے ورنہ ایک اشارے پر ان پانچ پیاروں ان کے چمچوں پر زمین تنگ کردیں گے اور انہیں کہیں چھپنے کی جگہ بھی نہیں ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو کمزور سمجھنے کی غلطی نہ کی جائے۔

دوسری جانب وزیرِ اعظم عمران خان کی معاونِ خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ کنٹینر پر موجود 5 خاندان اپنی اولاد تک حکمرانی پہنچانے کے لیے ریاستِ پاکستان پر حملہ آور ہیں۔