خورشید شاہ کی ایمبولینس میں عدالت آمد

November 04, 2019

پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ کو ایمبولینس میں سکھر کی سیشن عدالت لایا گیا اور ویل چیئر پر کمرہ عدالت میںپیش کیا گیا جس کے بعد عدالت نے انہیں مزید 5 روزکے جسمانی ریمانڈ پر نیب کی تحویل میں دے دیا۔

خورشید شاہ کے خلاف کرپشن کیس کی سکھر کے سیشن کورٹ میں سماعت ہوئی جس میں نیب کی جانب سے خورشید شاہ کی میڈیکل رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی۔

عدالت میں نیب کی جانب سے خورشید شاہ کے مزید ریمانڈ کی استدعا کی گئی جس پر عدالت نے ریمارکس دیئے کہ خورشید شاہ کو عدالت میںپیش کیے بغیر مزید ریمانڈ نہیں دیا جائے گا۔

اس موقع پر عدالت نے نیب کو حکم دیا کہ وہ ایک گھنٹے میں خورشید شاہ کو عدالت میں پیش کرے جس کے بعد نیب کی جانب سے خورشید شاہ کو ایمبولینس میں سکھر کی سیشن عدالت لایا گیا اور وہیل چیئر پر بیٹھا کر کمرہ عدالت میںپیش کیا گیا۔

اس کے بعد ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے نیب کی استدعا منظور کرتے ہوئے خورشید شاہ کے جسمانی ریمانڈ میں 5 دن کی توسیع کردی اور انہیں 9 اکتوبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

واضح رہے کہ خورشید شاہ پر آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا الزام ہے، انہیں نیب نے اسلام آباد سے گرفتار کیا تھا۔