تاجروں سے بھتہ مانگنے والے گینگ کے سرغنہ سمیت3 افراد گرفتار

November 17, 2019

اراولپنڈی( سٹاف رپورٹر )کاروباری طبقہ سے بھتہ مانگنے والے ’’شہزادی‘‘بھتہ گینگ کو سرغنہ کو 2ساتھیوں سمیت گرفتار کرلیاگیا،ملزموں نے صابن بنانے والے کارخانے کے مالک شیخ آصف سے 60لاکھ روپے بھتہ مانگا تھا، ایس پی راول آصف مسعود نے بتایا کہ ای بلاک سیٹیلائٹ ٹاؤن میں رہائش پذیرصابن بنانے والے کارخانے کے مالک شیخ آصف جاوید کو موبائل فون پر کال موصول ہوئی جس میں ملزم نے کہا کہ 17اگست کو تمہیں خط جبکہ 9نومبر کو کال کی تھی کہ60لاکھ روپے بھتے کا بندوبست کرو لیکن تم نے ڈیمانڈ پوری نہ کی ،کال کرنے والے ملزم نے کہا کہ میں کچھ دنوں کے لئے افغانستان چلا گیاتھا اب واپس آیا ہوں،ملزم نے شیخ آصف جاوید کے بچوں کا نام لیتے ہوئے کہا کہ بھتہ دو ورنہ بچوں سمیت جانی نقصان پہنچائیں گے،وقوعہ کا مقدمہ تھانہ نیو ٹاؤن میں درج کیاگیا تھاپولیس نے گینگ کے سرغنہ شہزاد سکنہ ایبٹ آباد اوراس کے ساتھیوں حافظ ذیشان سعید اور احمد علی کو گرفتار کر لیا ۔