ٹیسٹ پلیئرز رینکنگ،شامی ٹاپ 10میں شامل،عباس باہر

November 18, 2019

ملتان (اسپورٹس ڈیسک) بھارت کی ٹیسٹ کرکٹ میں مسلسل فتوحات کا سلسلہ جاری ہے۔ تاہم پلیئرز کی عالمی درجہ بندی میں آسٹریلیا کے کھلاڑی ٹاپ پوزیشن پر قبضہ جمائے ہوئے ہیں۔ آئی سی سی نے ٹیسٹ پلیئرز کی تازہ ترین رینکنگ جاری کردی۔ بھارت کی بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ فتح کے بعد محمد شامی اور ڈبل سنچری بنانے والے میانک اگروال نے پلیئرز رینکنگ میں ترقی کی ہے،میچ میں 7وکٹ اپنے نام کرنے والے پیسر شامی 8درجے ترقی کرتے ہوئے کیریئر میں پہلی مرتبہ بیسٹ پوزیشن لے گئے ہیں،7ویں نمبر پر آنے کی وجہ سے وہ ٹاپ 10میں بھی شامل ہوئے ہیں ،ان کی وجہ سے ٹاپ 10میں شامل اکلوتے پاکستانی بولر محمد عباس 12ویں نمبر پر چلے گئے ہیں 12 ٹیسٹ اننگز میں 858 رنز بنانے والے 28سالہ اگروال نے بھی لمبی چھلانگ لگائی ہے اور کیریئر بیسٹ 11ویں پوزیشن پر ہیں ،ٹاپ 10بیٹسمینوں میں پاکستان کا کوئی بیٹسمین شامل نہیں ہے ،بیٹنگ و بولنگ میں آسٹریلیا کا غلبہ ہے، اسٹیون اسمتھ، پیٹ کمنز دونوں شعبوں میں پہلی پوزیشن پر فائز ہیں اور آل رائونڈرز میں ویسٹ انڈیز کے جیسن ہولڈر پہلے نمبر پر ہیں ۔