اپوزیشن جماعتوں کی رہبر کمیٹی کا ملک بھر کی شاہراہیں کھولنے کا فیصلہ

November 20, 2019

Your browser doesnt support HTML5 video.

اپوزیشن جماعتوں کی رہبر کمیٹی کے کنوینئر اکرم خان درانی کی پریس کانفرنس

اسلام آباد (اے پی پی) اپوزیشن جماعتوں کی رہبر کمیٹی کے کنوینئر اکرم خان درانی نے کہا ہے کہ کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے فوری طور ملک بھر میں بند شاہراہیں کھول دی جائیں تاکہ عوام کی مشکلات کا خاتمہ کیا جاسکے، کل سے ملک بھر میں ضلعی سطح پر جلسے منعقد کئے جائیں گے جس میں اپوزیشن جماعتوں کے کارکنان بھرپور شرکت کریں گے، جلد آل پارٹیز کانفرنس بلائی جائے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو رہبر کمیٹی کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر احسن اقبال سمیت سمیت کمیٹی کے دیگر اراکین ان کے ہمراہ تھے۔

احسن اقبال نے کہا کہ ہم میاں نواز شریف کی صحت کے لیے دعا کرنے پر عوام کے مشکور ہیں۔

اکرم درانی نے کہا کہ چار نکات کا حصول ہمارا نصب العین ہے اور اسکے لئے جدو جہد جاری رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پیر کی رات سے کارکن رہبر کمیٹی کے کہنے پر تمام سڑکیں کھول دیں کل سے ضلعی سطح پر مشترکہ جلسے ہوں گے جس میں اپوزیشن جماعتوں کی تمام 9 پارٹیوں کے کارکنان شرکت کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ رہبرِ کمیٹی نے اے پی سی بلانے کا بھی فیصلہ کیا ہے جس کی تاریخ کا اعلان مولانا فضل الرحمان کریں گے۔

قبل ازیں کمیٹی کا اجلاس کنوینئر اکرم خان درانی کی صدارت میں ان کی رہائش گاہ پر منعقدہ ہوا۔

اجلاس میں کمیٹی کے ممبران پاکستان پیپلز پارٹی سے فرحت اللّہ بابر، نیئر حسین بخاری، قومی وطن پارٹی سے ہاشم بابر، نیشنل پارٹی سے طاہر بزنجو، اے این پی سے میاں افتخار، مسلم لیگ (ن) سے احسن اقبال، سردار ایاز صادق، جمعیت علماء پاکستان سے شاہ اویس نورانی، مرکزی جمعیت اہلحدیث سے حافظ عبد الکریم اور پختونخوا ملی پارٹی کے عبدالصمد اچکزئی نے شرکت کی۔