پاکستان اسٹاک، 100 انڈیکس 7 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا

November 21, 2019

کراچی (نیوز ڈیسک) معیشت کو استحکام دینے کے حکومتی اقدامات کے نتیجہ میں پاکستان اسٹاک مارکیٹ دنیا کی تیزی سے ترقی کرتی سٹاک مارکیٹوں میں سرفہرست آ گئی اورپاکستان اسٹاک ایکسچینج 100 انڈیکس میں گزشتہ سات ماہ کے بلند مقام پر پہنچ گیا۔

یہ بات مالیاتی، سافٹ ویئر، ڈیٹا اور میڈیا کی معروف امریکی کمپنی بلومبرگ نے اپنی رپورٹ میں کہی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ تین ماہ کے دوران پاکستان اسٹاک مارکیٹ کی ترقی کی شرح میں 30 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیاہے۔

اس فہرست میں آئرلینڈ کی سٹاک مارکیٹ 20 فیصد اور رشین آر ٹی ایس انڈکس 15 فیصد اضافہ کے بعد بالترتیب دوسری اورتیسری پوزیشن پرہے۔ بروکرایج کے مطابق ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ اس مدت میں پاکستان سٹاک مارکیٹ میں اتنی تیزی ریکارڈ کی گئی ہے۔

خادم البخاری سیکورٹیز پرائیویٹ کے منیجنگ ڈائریکٹراے اے ایچ سومرونے بلومبرگ کو بتایا کہ گزشتہ سال اگست میں پاکستان اسٹاک مارکیٹ 5 برسوں کی کم ترین سطح پر تھی تاہم حکومت کی جانب سے معیشیت کے استحکام کیلئے اٹھائے جانیوالے اقدامات کے نتیجہ میں اب سٹاک مارکیٹ میں تیزی آرہی ہے،

بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے تعاون نے بھی اس ضمن میں کردار اداکیاہے۔انہوں نے بتایا کہ بنک اپنی حکمت عملیوں میں تبدیلی لارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ آنیوالے دنوں میں سٹاک مارکیٹ کی صورتحال مزید بہتر ہوجائیگی۔

ان کاکہناتھا کہ غیرملکی سرمایہ کاروں نے قومی سٹاک میں 64 ملین ڈالر کی خریداری کی ہے اورفروری میں فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے جائزے کے بعد اس سرمایہ کاری میں مزید اضافہ ہوگا۔