فریال و زرداری کو جیل میں رکھنے کا کیا جواز ہے، سعید غنی

November 25, 2019

Your browser doesnt support HTML5 video.

فریال و زرداری کو جیل میں رکھنے کا کیا جواز ہے، سعید غنی

وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ چھ مہینے سے آصف زرداری اور فریال تالپور جیل میں ہیں، ان پر نہ تو کیس چلا ہے اور نہ ہی سزا ہوئی تو پھر انہیں جیل میں رکھنے کا کیا اخلاقی جواز ہے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ ہمارے کسی بھی گرفتار شخص کو کسی کیس میں سزا نہیں ہوئی جبکہ آصف زرداری، فریال تالپور اور خورشید شاہ کے خلاف الزامات کا ٹرائل بھی شروع نہیں ہوا۔

وزیراطلاعات نے کہا کہ کراچی اور سندھ میں ہوئی مبینہ کرپشن کے کیسز صوبے سے باہر کیوں منتقل ہوئے جبکہ آصف زرداری اور فریال تالپور پر عائد الزامات کا تعلق صوبہ سندھ سے ہے، اگر پیپلز پارٹی نے گرفتاریوں سے ڈر کر موقف بدلنا ہوتا تو اتنی تکلیفیں سہنےکی ضرورت نہیں تھی۔

یہ بھی پڑھیے: زرداری فریال کیس کراچی منتقلی کی درخواست سماعت کیلئے مقرر

سعید غنی نے کہا کہ انصاف کے انوکھے پیمانے پیپلز پارٹی کے لیے کیوں چنے جاتے ہیں، اگر پنڈی والے ڈی جی نیب پر زیادہ اعتبار ہے تو چیئرمین نیب انہیں یہاں تعینات کردیتے۔

صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ صرف پیپلز پارٹی کی لیڈر شپ پر دباؤ ڈالنے کے لیے نئی روایات قائم کریں گے تو اس کے اچھے اثرات نہیں ہوتے۔

سعید غنی نے کہا کہ ہم یہ نہیں کہہ رہے کہ انہیں ملک سے باہر بھیج دیں یا جیل سے آزاد کردیں، اس قسم کی غلط مثالیں ملک میں مزید قائم نہ کریں اور ہمیں یہ احساس نہ دلائیں کہ ایک صوبے کی عدالتوں اور جیلوں پر اعتماد نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیے: فریال تالپور کو نوٹس جاری

انہوں نے کہا کہ آصف زرداری کو حکومت سے کسی قسم کا ریلیف نہيں چاہیے وہ الزامات کا عدالتوں میں سامنا کریں گے۔

سعید غنی نے مطالبہ کیا ہے کہ پی ٹی آئی کے جن لوگوں کے خلاف نیب کے کیسز ہیں وہ صوبہ سندھ میں منتقل کیے جائيں۔