ون یونٹ بنگلے کی تعمیر

December 01, 2019

آپ بہت سی ہاؤسنگ اسکیمز میں ون یونٹ بنگلوں کی آفرز دیکھتے ہوں گے، اگر آپ کے پاس 120گز زمین ہے تو اس پر بھی ایک خوبصورت سا بنگلہ تعمیرکیا جاسکتا ہے۔ پہلے سے تعمیر شدہ ون یونٹ بنگلہ قدرے مہنگا پڑتاہے لیکن اگرآپ خود اپنی زمین پر بنگلہ تعمیر کروائیں تو نہ صرف یہ کم قیمت ہوگا بلکہ آپ اپنی مرضی سے اس کی نقشہ سازی کرواسکتے ہیں۔

بنگلے کی تعمیر میں کمروں کے لئے جگہ مختص کرتے وقت آپ کو پلاٹکے سائز کومدِنظر رکھتے ہوئے یہ سوچنے کی ضرورت ہوتی ہے کہ کمرے کس مقاصد کیلئے استعمال کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ مناسب ونڈو ڈریسنگ اور شیشہ لگانے کا عمل، فرنیچر کے لیے جگہ کا تعین، لائٹنگ اسکیمز اور اس طرح کی دیگر ضرورتوں کو پورا کرنا ہوگا۔ ایک چھوٹے بنگلے میں بہت سی رہنے کی جگہ کے ساتھ ساتھ 3بیڈ روم اور دو فیملی باتھ روم بھی موجود ہو سکتے ہیں۔ غیر معمولی اونچی چھت اور مختلف بیرونی درجے اسے ایک سے زائد منزلوں والے بنگلے جیسا بنا سکتے ہیں۔

بنگلے کا ڈیزائن ایسا ہونا چاہیے جو اسے دلفریب بنائے۔ بنگلے میں تیز اور سفید روشنیاں، اِس کے ڈیزائن کی سادگی کو چار چاند لگاسکتی ہیںجبکہ سرخ اینٹوں سے بنی چھت بہت سا حسن اور رکھ رکھاؤ شامل کرسکتی ہے۔ سرخ اینٹیں متاثر کن نظر آتی ہیں اور ایسے بنگلے کی خوبصورتی بڑھاتی ہیں، جو دکھنے میںسادہ ہو۔ بنگلہ اگر جدید انداز کے شیشوں سے مزین ہے تو کوئی بھی اسے کسی صورت پُرانے انداز کا نہیں کہہ سکتا۔

لہٰذا شیشے کی دیواروں اور فیشن ایبل اندرونی ڈیزائن بنوانے پر توجہ دیں۔اگر آپ اپنے بنگلہ کو ہر رُخ سے روایتی فارم ہاؤس کی طرحدکھانا چاہتے ہوںتو پتھروں کا استعمال اس میں آپ کی مدد کرسکتا ہے۔ پتھروں سے بنی دیواریں دیہی تاثر پیش کرتی ہیں اور ان کی وجہ سے اندرونی حصہ بھی خوشگوار لگتا ہے۔

پُر کشش ستونوں کی مدد سے ون یونٹ بنگلوں کے معیار کو کہیں سے کہیں پہنچایا جاسکتاہے اور اس میں نت نئے آئیڈیاز کام کرسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ رنگوں کا بہترین استعمال اسے زبردست انداز دے سکتاہے، مثلاً سفید و سرمئی رنگوں والے پتھروں سے ڈھکی دیوار ایک عمدہ ذوق سامنے لاتی ہے اور گہرے سرمئی رنگ کی چھت اسے اور بھی جدید بناسکتی ہے۔

ایک کشادہ بنگلے میں ڈائننگ روم، لیونگ روم اور باورچی خانے کی جگہیں نمایاں ہوتی ہیں۔ ایک شاندار لاؤنج، ٹی وی دیکھنے کے ساتھ سستانے کی بہترین جگہ ہوسکتی ہے، جہاں آپ سکون سے اپنے پسندیدہ ناول اور میوزک کا مزہ لے سکتے ہیں۔ اگر جگہ ہو تو بنگلے کے باہر منی سوئمنگ پو ل کا بھی اضافہ کیا جاسکتا ہے، لینڈ اسکیپ ڈیزائنرز ایسی جگہوں پر خاص توجہ دیتے ہیں، جو بنگلے کے بیرونی حصے کو سنوار دیں۔

حَسِین رنگوں کی آمیزش، جدید روشنیوں اور دلکش لوازمات سے سجایا گیا دالان آپ کے مہمانوں کو حیرت میں مبتلا کرسکتا ہے۔

مددگار ایپس

نقشہ سازی ہو، تعمیرات ہو یا انٹیریئر ڈیزائننگ ، اب ہر چیز کی ایپ موجود ہے۔

٭ایڈوب کلر کیپچر (Adobe Color Capture)ایپ سے رنگوں کے امتزاج، شیپ اور پیٹرن صرف ایک کلک پر دیکھے جاسکتے ہیں۔ اس ایپ میں کسٹمائز کلر اسکیم (یعنی آپ کی مرضی کے مطابق )، تھری ڈی پیٹرن اور ویکٹر گرافکس موجود ہیں، جو مختلف ڈیزائن سوفٹ ویئر پروگرامز سے امتزاج کرلیتے ہیں۔

٭اسی طرح ہَیونلی (Havenly) سے آپ کو نقشہ سازی کے مطابق مکان کی ایک مکمل شکل بھی نظر آتی ہے، جس کے بعد آپ کو اس ڈیزائن کے مطابق لوازمات خریدنے کی ضرورت پڑتی ہے۔

٭میجک پلان(MagicPlan) نقشے کی پیمائش اور اس پر کی جانے والی ڈرائنگ کو آسان بنا تاہے۔ آپ اپنے کمرے کا اسنیپ شاٹ لے کر اس ایپ میں ڈالیں گے تو یہ فاصلوںکی پیمائش کرکے تجزیہ کرے گی یعنی آپ کی فراہم کی گئی تصویر میں چھت سے فرش تک یا ایک دیوار سے دوسری دیوار تک کا تجزیہ کرکے آپ کیلئےمختلف تجاویز پیش کرتی ہے۔

٭مائی پینٹون(MyPantone) ایپ آپ کیلئے رنگوں کا بہترین فیصلہ کرتی ہے۔ جب آپ دو رنگوں جیسے کہ سبزی مائل نیلے یا آسمانی نیلے میں پھنس جائیں تو اتمام حجت اسی ایپ کا فیصلہ آ پ کو ماننا پڑے گا۔ آپ کی کھینچی گئی تصویر کے رنگوں کو بھی یہ ایپ شناخت کرتی ہے اور ماہرانہ طریقے سے رنگوں اور پیٹرن کے بارے میںتجاویز دیتی ہے۔

٭وکی ہائو (WikiHow)ایک ایسی ویب سائٹ ہے، جہاں آپ کو ہر چیز کرنے، بنانے اور استعمال کرنے کے گُرسکھائے جاتے ہیں ۔ اس کو اب ایپ کی شکل دے دی گئی ہے، جس میں آپ اپنے بنگلے کی بہتری یا تزئین نو کے حوالےسے خود ہی سارے کام کرسکتے ہیں۔

اس ایپ میں تصاویر کے ذریعے رہنمائی کی جاتی ہے تاکہ آپ کو کوئی بھی کام انجام دینے میں مشکل پیش نہ آئے۔ بس آپ نے کوئی بھی کام سوچنا ہے اور پھر مدد کرنا اس ایپ کی ذمہ داری ہے، جو یہ کام احسن طریقے سے نبھاتی ہے۔ اس ایپ کے ذریعے فرش بچھانے سے لے کر کچن کیبنٹس لگانے، وال پیپرز چپکانے اور صوفے کے غلاف چڑھانے تک آپ سب کچھ جان سکتے ہیں۔