پہلے 5 ماہ میں برآمدات کا حجم 9ارب 55کروڑ ڈالر رہا، مشیر تجارت

December 01, 2019

وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے صنعت و تجارت عبدالرزاق داؤد نے کہا ہے کہ رواں مالی سال کے پہلے 5 ماہ میں پاکستانی برآمدات کا حجم 9 ارب 55 کروڑ ڈالر رہا ہے ۔

ایک بیان میں عبدالرزاق داود نے کہاکہ رواں مالی سال کے پہلے 5 ماہ میں برآمدات میں8 اعشاریہ4 فیصد اضافہ ہوا ہے ۔

انہوں نے مزید کہاکہ گزشتہ سال اسی عرصے میں پاکستانی برآمدات کا حجم 9 ارب 11 کروڑ ڈالر تھا،رواں سال اس میں 44کروڑ ڈالرز کا اضافہ ہوا ہے۔

مشیر تجارت نے یہ بھی کہاکہ رواں مالی سال کے پہلے 5 ماہ میں درآمدات کا حجم 19 ارب 4 کروڑ ڈالر رہا جو کہ گزشتہ مالی سال کے پہلے 5 ماہ میں 23 ارب 59 کروڑ ڈالر تھا۔

ان کا کہنا تھاکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں درآمدات میں 4 ارب 55 کروڑ ڈالر کی کمی ہوئی۔

مشیر تجارت کے مطابق مالی سال کے ابتدائی 5 ماہ میں تجارتی خسارہ 9 ارب 50 کروڑ ڈالر رہا، گزشتہ سال اسی عرصے میں تجارتی خسارہ 14 ارب 48 کروڑ ڈالر تھا اور یہ گزشتہ سال کے اسی عرصے کے تجارتی خسارے میں 4 ارب 98 کروڑ ڈالر کی کمی ہوئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ رواں مالی سال نومبر کے دوران برآمدات 2 ارب ڈالر سے زائد رہیں، گزشتہ مالی سال نومبر کے مقابلے میں رواں مالی سال نومبر کے دوران برآمدات میں 9.6 فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ رواں مالی سال نومبر کے دوران تجارتی خسارے میں بھی 17.53 فیصد کمی ہوئی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے چیئرمین شبر زیدی نے کہا تھاکہ نومبر میں 334 ارب روپے محصولات اکھٹے کیے ہیں جو کہ گزشتہ سال کے 5 ماہ میں اکھٹے کیے گئے ریونیو سے17فیصد زیادہ ہیں۔