سینئر کی فارم تشویشناک، نوجوانوں پر انحصار مجبوری، مصباح، دیکھیں گے آگے کیا کرنا ہے

December 04, 2019

Your browser doesnt support HTML5 video.

سری لنکا کے خلاف انہی لڑکوں کو موقع دینے کے حق میں ہوں، مصباح الحق

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق کا کہنا ہے کہ اب بیٹھ کر دیکھیں گے کہ آئندہ کے لیے کیا لائحہ عمل اپنانا ہے، کوشش ہوگی ان لڑکوں کو ایک اور چانس دیں کیونکہ میں سری لنکا کے خلاف ٹیم میں ان لڑکوں کو موقع دینے کے حق میں ہوں۔ اظہرعلی، یاسر شاہ اور محمد عباس کی فارم تشویشناک ہے اور سری لنکا کے خلاف ہوم سیریز آسان نہیں ہوگی۔ آسٹریلوی کنڈیشنز ہمیشہ کی طرح مشکل تھیں، وہاب ریاض اور محمد عامر کے نہ ہونے کی وجہ سے نوجوان بولرز پر انحصار کرنا مجبوری تھی، ہمارے بولرز آسٹریلوی بیٹنگ لائن کو دباؤ میں نہیں لاسکے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پنڈی ٹیسٹ کے لئے پاکستانی ٹیسٹ ٹیم میں فواد عالم کی شمولیت کے امکانات روشن ہیں۔ ٹیسٹ ٹیم کا اعلان سات دسمبر کو کیا جائے گا۔ مصباح لاہور پہنچ کر پریس کانفرنس کریں گے۔ منگل کو ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا کا دورہ ہمیشہ مشکل ہوتا ہے اور وہاں اسپنرز کے لیے پرفارم کرنا آسان نہیں ہوتا۔ ہماری بیٹنگ لائن اپ کو ڈیوڈ وارنر کی طرح لمبی اننگز کھیلنا چاہیے تھی۔ امید ہے کہ یاسر شاہ سری لنکا کے خلاف اچھا کھیل پیش کریں گے۔ ہمیں اچھے نتائج کے لیے سری لنکا کے خلاف بہت محنت کرنا ہوگی۔ ۔ آسٹریلیا میں بولنگ ہمارے لئے مسئلہ رہی ہے۔ ہمارے بیٹسمین سیٹ ہوکر آئوٹ ہوتے رہے۔ آسٹریلیا کا دورہ مشکل ترین ہوتا ہے۔ ماضی میں پاکستان کی تجربہ کار ٹیمیں بھی ان کنڈیشن میں مشکلات سے دوچار رہی ہیں۔ سری لنکا نے فل ٹیم کا اعلان کیا ہوا ہے سری لنکا کی ٹیم تجربہ کار ہے۔ وہ جنوبی افریقا کو ہراکر آئے ہیں۔ سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے ٹیم کا اعلان سات دسمبر کو متوقع ہے، ٹیسٹ سیریز کے لیے قومی کرکٹرز 8 دسمبر کو راولپنڈی میں اکٹھے ہوں گے ۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا ٹیسٹ 11 دسمبر سے شروع ہو گا۔ واضح رہے کہ دورہ آسٹریلیا میں 3ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کے بعد 2ٹیسٹ کی سیریز میں بھی گرین شرٹس کو وائٹ واش کا منہ دیکھنا پڑا۔ یہ پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ میں تیسری بار مسلسل 2میچز میں اننگز کی شکست ہے۔