ڈاکٹر ذوالفقار مرزا اور فہمیدہ مرزا کی زمین پر قبضے کا ملزم ضمانت پر رہا

December 07, 2019

ٹنڈو باگو (نامہ نگار) سندھ کے سابق وزیر داخلہ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا اور وفاقی وزیر بین الصوبائی ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کی ٹنڈو باگو کی زمین پر مبینہ قبضہ کرنے کے الزام گرفتار ملزم بشارت زرداری کو انچارج سول جج ٹنڈو باگو نے ضمانت پر رہائی کا حکم دیا، ڈسٹرکٹ بدین سے رہائی کے موقع پر سیکڑوں کی تعداد میں زرداری برادری کے افراد اور پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے جیل کے باہر بشارت زرداری کا استقبال کیا اور انہیں جلوس کی شکل میں ٹنڈو باگو کے نزدیک پنگریو شوگر ملز لایا گیا، جہاں زرداری برادری کے افراد نے بشارت زرداری کی رہائی کی خوشی میں ہوائی فائرنگ کی۔ واضح رہے کہ گزشتہ ماہ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کی زمین پر قبضہ کرنے کے الزام میں بشارت زرداری سمیت 150نا معلوم ملزمان کے خلاف پنگریو تھانے پر مقدمہ درج کیا گیا تھا گزشتہ ہفتے ایڈیشنل سیشن جج ماتلی نے ملزم بشارت زرداری کی ضمانت قبل از گرفتاری خارج کرکے انہیں جیل بھیج دیا تھا۔