تاجروں اور ہاکرز کے خلاف آپریشن بند نہ ہوا تو پیرکو دھرنا دے کر احتجاجی تحریک کا آغاز کریں گے،اسمال ٹریڈرز

December 07, 2019

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی میں تجاوزات کے نام پر ما رکیٹوں میں رات کی تاریکی میں آپریشن کرکے غریبوں کا مال لوٹ لیا گیا ہے جو واپس کیا جائے، تاجروں اور ہاکرز کے خلاف فاقہ کش ظالمانہ آپریشن بند نہ ہوا تو 9دسمبر کو کراچی پریس کلب پر دھرنا دے کر احتجاجی تحریک کا آغاز کریں گے، نومبر2018میں ایمپریس مارکیٹ سمیت 6500دوکانوں کو بلڈوزکیا گیا اب 20لاکھ ہاکرز کو بے روزگار کر کے سواکروڑ غریبوں کو فاقہ کشی کے جہنم میں دھکیلا جا رہا ہے،اس ظلم اور استحصال کو ہرگز قبول نہیں کریں گے،ان خیالات کا اظہار اسمال ٹریڈرز کراچی کے صدر محمود حامد نے سینئر نائب صدر سید لیاقت علی ، عثمان شریف ،بابر خان بنگش ، نوید احمد ، سلیم ملک ، اقبال یوسف ، جاوید اختراورعامر شیخ کے ساتھ کراچی پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، تاجر رہنمائوں نے کہا کہ ڈنڈے اور آپریشن کے زور پر سوا کروڑ لوگوں کے منہ سے نوالہ چھیننا کہاں کا انصاف ہے کیا حکومت ان افراد کو بے روزگار کر کے ڈاکو اور کریمنل پیدا کرنا یا ملک کی معاشی شہہ رگ کو انتشار کا شکار کرنا چاہتی ہے،آج سے 35سال پہلے ہر پتھارے والے کو بلدیہ عظمیٰ ٹوکن جاری کرتی تھی اور ان کا رجسٹریشن کیا جاتا تھا،اس سلسلے کو دوبارہ شروع کیا جائے۔