نیول بیس پر فائرنگ، سعودی شاہ کا ٹرمپ کو فون

December 07, 2019

Your browser doesnt support HTML5 video.

امریکا: نیول بیس پر سعودی طالبعلم کی فائرنگ، 3 اہلکار ہلاک

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ سعودی شاہ سلمان نے انہیں فون کر کے گزشتہ روز امریکی نیول بیس پر پیش آنے والے واقعے پر شدید صدمے اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

امریکا کی ریاست فلوریڈا کے شہر پینساکولا میں واقع نیول بیس میں فوجی تربیت حاصل کرنے کے لیے جانے والے سعودی طالبعلم نے گزشتہ روز فائرنگ کر دی تھی جس کے نتیجے میں 3 اہلکار ہلاک ہو گئے، جوابی فائرنگ میں حملہ آور بھی مارا گیا۔

فلوریڈا کے گورنر نے تصدیق کی ہے کہ حملہ آور کا تعلق سعودی عرب سے تھا جس کی شناخت محمد سعید الشامرانی کے نام سے ہوئی ہے جو اس بحری اڈے پر تربیت حاصل کر رہا تھا۔

فائرنگ کا واقعہ پینساکولا کے نیول ایئر اسٹیشن کے کلاس روم میں پیش آیا جس کے نتیجے میں 8 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

زخمیوں میں حملہ آور سے مزاحمت کرنے والے 2 ڈپٹی شیرف بھی شامل ہیں جن میں سے ایک کے گھٹنے اور دوسرے کے بازو میں گولی لگی ہے، واقعے کے تمام زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

اسکیمبیا کاؤنٹی کے شیرف ڈیوڈ مورگن کے مطابق ایک ڈپٹی شیرف کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں حملہ آور مارا گیا ہے جبکہ واقعے کے بعد متاثرہ عمارت کو بند کر دیا گیا ہے۔

امریکی حکام نے واقعے کی تحقیقات کے سلسلے میں 6 سعودی شہریوں کو حراست میں لیا ہے۔

امریکی حکام کے مطابق حملہ آور 9 ایم ایم کے گلوک پسٹل سے مسلح تھا۔

یہ بھی پڑھیئے: امریکا میں پولیس مقابلہ، 2 ڈاکوؤں سمیت 4 افراد ہلاک

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر امریکی صدر کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ سعودی شاہ سلمان نے انہیں فون کر کے اس واقعے پر شدید صدمے اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعے میں ہلاک اور زخمی ہونے والے افراد کے اہل خانہ اور دوستوں سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ سعودی شاہ کا کہنا ہے کہ سعودی عوام اس وحشیانہ اقدام پر حملہ آور پر سخت برہم ہیں اور یہ شخص کسی بھی طرح امریکیوں سے محبت کرنے والے سعودی عوام کے جذبات کی نمائندگی نہیں کرتا۔

یہ بھی پڑھیئے: امریکا، آن لائن ٹیکسی میں 2 سال میں 6 ہزار جنسی حملے

واضح رہے کہ رواں ہفتے میں بدھ کے روز پرل ہاربر کے فوجی اڈے پر اسی طرح کے ایک واقعے میں امریکی اہلکار کی فائرنگ کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔