عام انتخابات کے دن تیز ہواؤں اور بارش کی پیش گوئی

December 11, 2019

سٹیفورڈ (مریم فیصل )عام انتخابات کے دن ووٹرز کو تیز ہواؤں اور بارش کے ساتھ ووٹ کاسٹ کرنے کی پیشن گوئی میٹ آفس نے جاری کردی ہے ۔ سو سال میں ہونے والے دسمبر کے ان انتخابات کے لئے ووٹرز کو آگاہ کردیا گیا ہے کہ وہ اپنا ووٹ تیز ہواؤں اور بارش کے ساتھ ہی کاسٹ کرسکیں گے۔ میٹ آفس کا کہنا ہے کہ بارہ دسمبر کو تیس میل فی گھنٹے کی رفتار سے چلنے والی ہوائیں ووٹرزکے لئے ووٹ کاسٹ کرنے کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہونگیں ۔ٹھنڈے موسم اور جلد ہونے والے اندھیرے کے باعث سال دوہزار سترہ کو ہونے والے عام انتخابات کے مقابلے میں اس بار ٹرن آوٹ کم بھی ہوسکتا ہے ۔روایتی طور پر بوڑھے افراد زیادہ ووٹ کاسٹ کرنے جاتے ہیں لیکن خدشہ ظاہر ہے کہ اس بار کا برا موسم ان افراد کو بھی روک سکتا ہے ۔میٹ آفس کے مطابق جمعرات کے روز دن کا آغاز خشک موسم سے ہوگا لیکن ویسٹ سے آنے والا بارش کا سلسلہ خشکی کو گیلے اور ٹھنڈے موسم میں تبدیل کردے گا اور دن گزرنے کے ساتھ ساتھ ہواؤں میں بھی تیزی آجائے گی ۔