کسی کو شہر کا حلیہ بگاڑنے نہیں دیں گے ‘وزیربلدیات سندھ

December 11, 2019

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ کے وزیر بلدیات سیدناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ کسی کو شہر کاحلیہ بگاڑنے نہیں دیں گے ‘انٹرنیٹ کمپنیوں کی جانب سے کی جانے والی جعلسازیوں کا نوٹس لے لیا ہے‘ بلدیاتی اداروں سے ریکارڈ طلب‘ ملوث افسران کے تعین کا حکم‘ کیفردار تک پہنچایا جائیگا۔ وزارت بلدیات کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق گزشتہ چند ماہ سے مختلف نیٹ کمپنیاں اور خاص طورپر سائبر نیٹ نامی کمپنی نے شہر کے 4 اضلاع میں ملٹی نیشنل کمپنیوں کے ساتھ ملکرگزشتہ دس سال کے دوران کھربوں روپے مالیت سے تعمیر ہونے والی سڑکوں کی جعلسازی کے ذریعے کھدائی کی منصوبہ بندی کر رکھی تھی جس کی نشاندہی پرناصر حسین شاہ نے نوٹس لیتے ہوئے تمام ریکارڈ طلب کرلیا۔ کراچی کیبل ویلفیئر ایسوسی ایشن کی جانب سے صوبائی وزیر کو مطلع کیاگیا تھا کہ چند کمپنیاں کراچی کے 4 اضلاع میں زیر زمین کیبل بچھانے کی منصوبہ بندی کرچکی ہیں جس کے ذریعے سرکاری خزانے کو اربوں روپے کانقصان پہنچانے کیلئے ضلعی سطح پر افسران کی خدمات حاصل کی جارہی ہے جس کے تحت لاکھوں مربع گز کھدائی کرکے سرکاری دستاویزات میں چند مربع گز ظاہر کرکے حکومت کو اربوں روپے نقصان پہنچایا جائے گا۔