سلمان خان کے بالی ووڈ میں 30 سال مکمل

December 30, 2019

Your browser doesnt support HTML5 video.

بھارتی فلم اسٹار سلمان خان کے فلمی دُنیا میں 30 سال مکمل

بھارتی فلم اسٹار سلمان خان کے بالی ووڈ میں 30 سال مکمل ہوگئے۔

1988 میں فلم ’بیوی ہو تو ایسی‘ سے اپنے فلمی کیرئیر کا آغاز کرنے والے سلمان خان کے بالی ووڈ میں 30 سال مکمل ہوگئے ہیں۔

سلمان خان نے اس موقع پر بھارتی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ’میں اپنے مداحوں کا بہت زیادہ شُکر گُزار ہوں جنہوں نے مجھے اتنا پیار اور میرا ساتھ دیا۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’کسی بھی اداکار کی زندگی میں سب سے اہم اُس کا سفر ہوتا ہے اور میرا سفر حیرت انگیز رہا۔‘

سلمان خان نے کہا کہ ’میں نے اپنے سفر کے دوران بہت کچھ دیکھا ہے اور بہت سے کامیاب لوگوں سے ملاقات کی ہے جنہوں نے مجھے بہت کچھ سکھایا اور مجھے ایسا شخص بنایا جسے دُنیا اُس کے کام کی وجہ سے جانے اور پسند کرے۔‘

اداکار نے کہا کہ ’ہمیشہ سے میرے مداح میری حوصلہ افزائی کرتے رہے ہیں اور یہی لوگ میری کامیابی کی بھی وجہ ہیں۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’ماضی اور حال کی طرح مستقبل میں بھی اپنے مداحوں کو اپنے کام سے خوش کرتا رہوں گا۔‘

سلمان خان نے 1989 میں فلم ’میں نے پیار کیا‘ کی تھی، یہ اُن کی وہ پہلی فلم تھی جس میں سلمان خان نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔

سلمان خان نے اپنے فلمی کیرئیر کے دوران ہر طرح کی فلمیں کی ہیں جن میں کامیڈی، ایکشن اور رومانٹیک شامل ہیں، سلمان خان کی کامیڈی فلموں میں ’انداز اپنا اپنا‘، ’مجھ سے شادی کروں گی‘، ’میں نے پیار کیوں کیا؟‘، ’پاٹنر‘ ، ’نو انٹری‘ اور دیگر فلمیں شامل ہیں۔

اُن کی ایکشن فلموں میں ’دبنگ‘، ’ایک تھا ٹائیگر‘، ’کِک‘ اور ’ٹائیگر زندہ ہے‘ شامل ہیں۔ اِس کے علاوہ بھی سلمان خان نے دیگر ہِٹ فلمیں کی ہیں جن میں ’بجرنگی بھائی جان‘، ’سُلطان‘، ’پھر ملیں گے‘، ’ٹیوب لائٹ‘ اور ’بھارت‘ شامل ہیں۔

واضح رہے کہ سلمان خان Salman Khan نے رواں ماہ 27 دسمبر کو اپنی 54ویں سالگرہ منائی تھی جبکہ گزشتہ دِنوں اُن کی نئی فلم ’دبنگ 3‘ بھی ریلیز ہوئی ہے۔