خواتین ٹی20 کا منفرد واقعہ:ماں اور بیٹی مختلف حیثیت میں شریک

January 15, 2020

کراچی (اسٹاف رپورٹر) خواتین ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں کائنات امتیاز بطور کھلاڑی اوران کی والدہ سلیمہ امتیاز بطور امپائر شرکت کررہی ہیں۔ آل راؤنڈر کائنات امتیاز پی سی بی ڈائنامائٹس کی نمائندگی کررہی ہیں ۔یہ اپنی نوعیت کا منفرد واقعہ ہے۔گیارہ ایک روزہ اور 12 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کرنے والی کائنات امتیاز کا کہنا ہے کہ کرکٹ وراثت میں ملی ہے،کبھی ڈومیسٹک میچ میں والدہ کی امپائرنگ کے دوران نہیں کھیلیں مگر مقامی میچوں میں والدہ کی امپائرنگ کے دوران دباؤ میں رہتی ہیں۔ سلیمہ امتیاز کا کہنا ہے کہ کرکٹ سےمحبت کی حد تک لگاؤ ہے۔ پاکستان ٹیم میں جگہ بنانا خواب تھا مگراس کو حقیقت کا روپ کائنات نے دیا، جس پرفخر ہے۔ کراچی سے تعلق رکھنے والی 48 سالہ خاتون امپائر کا کہنا ہے کہ انہوں نے 2006 میں امپائرنگ کو بطور پروفیشن اپنایا۔