CNG،ساڑھے4 کھرب کی صنعت تباہی کے دہانے پر پہنچ گئی، ضیا عباس

January 15, 2020

کراچی(اسٹاف رپورٹر) سنیئر سیاست داں اور مسلم لیگ کے سابق سکریٹری جنرل سید ضیاء عباس نے کہا ہے کہ حکومت کی ناقص پالیسی کی وجہ سے ساڑھے چار کھرب روپے کی صنعت سی این جی تباہی کے دہانے پر پہنچ گئی ہے،جس کی وجہ سے عوام اور گاڑیوں کے مالکان شدید پریشانی کا شکار ہیں،حکومت اور کراچی کے منتخب نمائندے اس مسئلے کے حل کے لئے فوری طور پر اپنا کردار ادا کریں، انہوں نے کہا کہ پچھلے ایک ماہ کے دوران سندھ اور خاص کر کراچی میں سی این جی کی بندش کی وجہ سے یہ کاروبار تباہی کا شکار ہے ، سی این جی مالکان کے لئے اس بزنس کو جاری رکھنا، ملازمین کو تنخواہیں دینا مشکل ہوگیا ہے، دوسری جانب عوام کو پریشانی اور مشکلات کا سامنا ہے، وفاقی حکومت نے دانستہ سندھ کی گیس بند کر رکھی ہے، پنجاب کو گیس دینے کے خلاف نہیں مگر اس صوبے کے لئے لائی گئی ایل این جی کو خریدا نہیں جارہا ہے اور سندھ کی گیس کو دوسرے صوبے کے استعمال میں لاکر یہاں کے عوام کو دانستہ مشکلات سے دوچار کردیا گیا ہے، اس حوالے سے سندھ حکومت کا موقف درست ہے۔