گھر میں تخلیقی آؤٹ ڈور شیڈز بنائیں

January 19, 2020

سردیوں میں تو دھوپ میں بیٹھنا اچھا لگتاہے، لیکن ہمارے ملک میں زیادہ تر موسم گرم رہتاہے اور جھلسا دینے والی دھوپ میں کوئی بھی بیٹھنا پسند نہیں کرتا۔ لہٰذا اگر آپ گھر تعمیر کروارہے ہیں یا آپ کے موجودہ گھر کے بیرونی حصے میں جگہ ہے یا پھر کھلا صحن ہے تو اس پر ٹرینڈی اور کارآمدشیڈ بنوایا جاسکتا ہے، جس کے نیچے بیٹھ کر آپ نہ صرف اپنی فیملی کے ساتھ وقت گزار سکتے ہیں بلکہ کتاب یا اخبارات کا مطالعہ بھی کرسکتے ہیں۔ اس ضمن میں شیڈ کو کئی انداز بھی دیے جاسکتے ہیں، اس حوالے سے جانتے ہیںکہ آجکل ٹرینڈ میں کیا ہے۔

زبردست گیزبو آئیڈیاز

یہ آپ کے پسند کردہ گیزبو (Gazebo) ماڈل پر منحصر ہے کہ وہ آپ کے گھر کے عقبی حصے میں فٹ ہوگا یا پھر سامنے کے آنگن میں سایہ اور تحفظ فراہم کرے گا۔ اس کے اسٹائل کی کئی رینج ہیں، تاہم اسے اسمبل کرنے کےلیول پیچیدہ بھی ہوسکتے ہیں۔ بہت سارے ڈیزائنوں میں پردے یا جال شامل ہیں، جو شام کے وقت ہوا میں موجود کیڑے مکوڑوں کو اندر نہیں آنے دیتے اور دلکش بھی نظر آتے ہیں۔

ڈائننگ کورٹ یارڈ

پاکستان میں ہر سال کم سے کم 269 دن دھوپ ملتی ہے، لہٰذا آپ گھر کے آگے جو سائبان تعمیر کررہے ہیں اسے ڈائننگ کورٹ یارڈ(Dining Courtyard) کی شکل دے سکتےہیں۔ اس سے نہ صرف آپ کے گھر کی قدروقیمت بڑھے گی بلکہ یہاں گھر والوں کے ساتھ کھانا کھاتے ہوئے اچھا وقت بھی گزارا جاسکتاہے۔ اس ضمن میں شیڈ یا سائبان کی تعمیر کیلئے کسی ماہر آرکیٹیکچر کی خدمات حاصل کرکے بجٹ، ڈیزائن اور ٹرینڈ کے بارے میںمعلوم کرلیں۔

بنیادی نکات میں دستیاب جگہ، اس کی پیمائش اورسمت کا تعین شامل ہیں۔ شیڈکی چھت ایسے مٹیریل کی ہونی چاہیے جو دھوپ کو جذب کرے نہ کہ وہ اس کی تپش میںاضافہ کا باعث بنے۔ ڈائننگ کورٹ یارڈ گھر کے بیرونی حصے میں بنا ہو یا عقبی، وہاں آتی نرم روشنی اور ہوا میں بیٹھنا خواب ناک لگتاہے۔ اگر ڈائننگ کورٹ یارڈکچن کے ساتھ ہے تو پھر مزیدار کھانوں تک رسائی آسان ہو جاتی ہے۔

پر فیکٹ پرگولا

اگر آپ مستقل سائبان کا آپشن ڈھونڈ رہے ہیں تو پرگولا (Pergola) ایک شیڈڈ آؤٹ ڈور اسپیس بنانے کا طریقہ مہیاکرتا ہے، جس کو روشنیوں اور لٹکنے والے پودوں سے سجایا جاسکتا ہے۔ پرگولاکی خصوصیت یہ ہے کہ اسے آپ صحن یا آنگن کےمطابق یاپھر آزادانہ حیثیت میں لگا سکتے ہیں۔

اس کے بہت سے اسٹائل ہیں جن میں فیبرک کینوپی کا آپشن بھی شامل ہے ۔ ان ڈیزائنوں کو بس ایک دوسرے سے مربوط کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔ یہ ایک دلچسپ شیڈ ہے اور ویک اینڈ پر آپ اپنے دوستوں یاگھر والوں کے ساتھ یہاں خوب موج مستی کرسکتے ہیں۔

تخلیقی کینوپی

کینوپی کی سب سے اہم خصوصیت اس کا ورسٹائل ہونا ہے۔ بڑی پارٹیوں کی میزبانی کیلئے یہ بہترین تفریحی فراہم کرتی ہے۔ تخلیقی کینوپی (Creative Canopy)کے زیادہ تر ماڈلز آسانی سے پاپ اَپ ہوجاتے ہیں اور گیراج یا تہہ خانے میں بھی لگ جاتے ہیں۔

یہ پورٹیبل آپشنز مہمانوں کو آرام دہ رکھنے، کیمپنگ اور پکنک کے لئے بھی موزوں ہیں۔ دیگر کینوپی اسٹائل کاروں کے لئے اضافی احاطہ میں پارکنگ کی سہولت مہیا کرتے ہیں یا پھر یہ دیواروں اور زپ والے دروازوں کے ساتھ بھی دستیاب ہیں۔ تخلیقی کینوپی کو آپ مستقل طور پر خوبصورت ڈیزائن کے ساتھ اپنے آنگن میں بھی تعمیر کرواسکتے ہیں اور دھوپ سے بچتے ہوئے اچھا وقت صرف کرسکتے ہیں۔

ہیوسٹن فارم ہاؤس

اگر آپ اپنے گھر کے آنگن یا عقبی حصے کو فطرت سے ہم آہنگ کرتے ہوئے دیہی انداز دینا چاہتے ہیں تو ہیوسٹن فارم ہاؤس(Hueston Farmhouse) بہترین رہے گا۔ اس میں فرش اور ستونوں کیلئے قدرتی پتھروں کا استعمال کیا جاتاہے۔

شیڈ کی چھت سرخ اینٹوں اور قدرتی لکڑی کے حسین امتزاج کےساتھ تیار کی جاتی ہے، جو دور سے اپنی بہار دکھاتی ہے۔ اس کی چھت اُفقی رخ پر عام چھتوں سے اٹھی ہوئی اور چوڑی ہوتی ہے، جو نیچے بیٹھنے والوں کو پرسکون اور آرام دہ ماحول فراہم کرتی ہے۔

متاثر کن آننگ اسٹائل

آننگ اسٹائل (Awning Style)آپ کے گھر کے کھلے آنگن میںاضافی شیڈ فراہم کرتا ہے۔ اس کی چھت فیبرک کی ہوتی ہے جو اسٹینڈ سے منسلک ہوتی ہے۔ اسے مستقل ایک ہی سائز کا رکھا جاسکتاہے یا پھر اس میں وقتی طور پر توسیع بھی کی جاسکتی ہیں، یعنی اس کے شیڈ یا کور کو آگے یا پیچھےکیا جاسکتا ہے۔ ایسا کرنے کیلئے آپ کو ہاتھوں سے ہینڈل گھمانا ہوگا جبکہ موٹر کی مدد سے اسے آگے پیچھے ایڈجسٹ کیا جاسکتاہے۔ یہ احتیاط ضرور کی جائے کہ بیرونی سائبان مخصوص جگہ پر مناسب طریقے سے فٹ بیٹھ جائے۔

پردوں والا شیڈ

پردوں والا شیڈ(Curtain Idea) آپ کے ڈیک، پیٹیو یا صحن میںبہت دلکش دکھائی دیتا ہے۔ چاروں اطراف میں موجود بیرونی پردے سورج کی تپش سے بچانے کے ساتھ مچھروں یا دیگر کیڑے مکوڑوں سے بھی آپ کی حفاظت کرتے ہیں۔ اپنے آؤٹ ڈور فرنیچر کے ساتھ آپ اس شیڈ کے رنگ کو آہنگ کرسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ جگہ کی مناسبت سے اس میں ماحول دوست پردے بھی لٹکا سکتے ہیں۔ جب آپ پردوں کے اسٹائل یا رنگ سے اُکتا جائیں تو نئے پردے لگاکر ایک نئی دلکشی بخش دیں۔

ٹری شیڈ

دنیا کا سب سے پرانا اور شاید پہلا شیڈ درخت کا ہی تھا ۔ جو آج بھی ہمیں کڑی دھوپ سے بچاتاہے، لیکن افسوس کا مقام ہے ہم درختوں کو بچا نہیںپارہے اور نہ ہی انہیںلگانے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ ہم جس ٹری شیڈ کی بات کررہے ہیں، یہ ایک بڑا سا مصنوعی درخت ہے۔ آپ اپنے بیٹھنے کی جگہ یا کرسیوں کو اس کی ہری بھری شاخوں کے نیچے رکھ کر اپنے اوپر سایہ کرسکتے ہیں۔

یہ تو آپ کو معلوم ہی ہوگا کہ درخت گرم مہینوں میں گھر کے درجہ حرارت کو20 ڈگری یا اس سے زائد کم کرسکتا ہے۔اگر آپ کے گھر کے عقبی حصے، صحن یا گھر سے باہر درخت موجود ہے تو اسے کاٹنے تراشنے سے پہلے سنجیدگی سے سوچیں، کہیں ایسا نہ ہو کہ آپ اس کے فوائد سے محروم رہ جائیں۔