مختلف اضلاع میں 170 ترقیاتی اسکیموں پر کام جاری ہے،وزیر بلدیات

January 19, 2020

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ کے وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ مختلف اضلاع میں 170 ترقیاتی اسکیموں پر کام جاری ہے،منتخب نمائندے عوامی مشکلات، پریشانیوں اور ضرورتوں کے تحت ترقیاتی اسکیموں کو ترجیح دیں، منتخب نمائندے اپنے اپنے حلقوں میں عوام سے کئے گئے وعدے پورے کریں اور خود دلچسپی لے کر جاری ترقیاتی منصوبے مکمل کرکے عوام کو ریلیف دیں، اسی وژن کے تحت تمام نمائندے اپنے علاقوں کی ترقی اور خوشحالی کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں،وہ ضلع ملیر کے منتخب نمائندوں کے ساتھ صوبائی ترقیاتی اسکیموں (لوکل گورنمنٹ پورٹ فولیو) کے تحت ضلع ملیر کی ترقیاتی اسکیموں کے حوالے سے منعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے، جس میں وزیر کچی آبادی اور انسانی بستیاں مرتضیٰ بلوچ،رکن قومی اسمبلی رفیع اللہ، پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری وقار مہدی،رکن سندھ اسمبلی سلیم بلوچ، چیئرمین ضلع ملیر جان محمّد بلوچ، چیئرمین ضلع کونسل کراچی سلمان مراد بلوچ، جان عالم جاموٹ ، اسرار خان، راجہ ریاض، میر عباس، اسپشل سیکرٹری بلدیات سید محمّد طحٰہ،ایم ڈی واٹر بورڈ اسداللہ خان اور چیف افسر ضلع کونسل مسرور میمن نےشرکت کی،وزیر بلدیات نے کہا کہ ضلع ملیر میں 3سو کروڑ روپے لاگت سے 18بلدیاتی ترقیاتی اسکیمیں مکمل کی جائیں گی جن میں واٹر سپلائی، نالوں، سیوریج، سڑکوں کی تعمیر، استرکاری اور مرمت کے کام شامل ہیںجبکہ کراچی کے مختلف اضلاع میں سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت 170 سے زائد ترقیاتی اسکیموں پر کام جاری ہے جن میں مرکزی شاہراہوں، انڈر پاسز اور فلائی اوورز کے میگا پراجیکٹ بھی شامل ہیں ۔