حارث رؤف لاہور پہنچ گئے، جمعے کو پاکستان سے انٹر نیشنل کیئریئر کا آغاز

January 19, 2020

Your browser doesnt support HTML5 video.

حارث رؤف لاہور پہنچ گئے

کراچی(اسٹاف رپورٹر)توقع ہے کہ جمعے کو قذافی اسٹیڈیم میں حارث روف پاکستان کی جانب سے اپنے انٹر نیشنل کیئریئر کا آغاز کریں گے۔پاکستانی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حارث روف بنگلہ دیش کے خلاف سیریز میں شرکت کے لئے ہفتے کو میلبرن سے لاہور پہنچ گئے وہ اتوار کو قومی کیمپ میں رپورٹ کریں گے۔علامہ اقبال ایئرپورٹ پر حارث کے والدہ اور والد نے ان کا استقبال کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کی نمائندگی کرنا اعزاز ہے میں پاکستان کے لئے ورلڈ کپ کھیلنا چاہتا ہوں ۔پاکستان کے لئے تین میچ کھیل کر دوبارہ آسٹریلیا جاوں گا۔ملک کو سیریز جتوانا اور ورلڈ کپ جتوانا چاہتا ہوں۔لاہور قلندرز کے پرستاروں اور کوچز نے مجھے بھرپور سپورٹ کیا۔لاہور قلندرز کے حارث رؤف آسٹریلوی بگ بیش میں اپنی عمدہ کارکردگی کے سبب پہلی مرتبہ پاکستانی کرکٹ ٹیم میں شامل ہونے میں کامیاب ہوئے ہیں۔حارث رؤف آسٹریلوی بگ بیش میں میلبرن اسٹارز کی نمائندگی کر رہے ہیں اور 7 میچوں میں 16 وکٹیں حاصل کرکے شہ سرخیوں میں جگہ حاصل کی جس میں ہوبارٹ ہریکینز کے خلاف 27 رنز دے کر 5 وکٹوں کی کارکردگی بھی شامل ہے جو اس بگ بیش کی بہترین انفرادی بولنگ بھی ہے۔پاکستانی کرکٹ ٹیم اس وقت ٹی ٹوئنٹی کی عالمی رینکنگ میں پہلے نمبر پر ہے لیکن گزشتہ سال وہ دس میں سے صرف ایک میچ جیتنے میں کامیاب ہوسکی تھی، آٹھ میچوں میں اسے شکست ہوئی تھی اور ایک میچ نامکمل رہا تھا۔بنگلہ دیش کی عالمی رینکنگ اس وقت نویں ہے۔ بنگلہ دیش نے گزشتہ سال آٹھ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلے تھے جن میں سے چار جیتے تھے، تین میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا اور ایک میچ نامکمل رہا تھا۔پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان اب تک مجموعی طور پر دس ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے جا چکے ہیں جن میں پاکستان نے آٹھ جیتے ہیں جبکہ بنگلہ دیش نے دو میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے۔دونوں ٹیموں کے درمیان پاکستان کی سرزمین پر صرف ایک ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اپریل 2008 میں کراچی میں کھیلا جاچکا ہے جو پاکستان نے ایک سو دو رنز سے جیتا تھا۔ وہ پاکستان کی سرزمین پر کھیلا گیا اولین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل بھی تھا۔