پورٹ الزبتھ ٹیسٹ، پروٹیز کو فالوآن، اننگز شکست کا خطرہ

January 20, 2020

ملتان (اسپورٹس ڈیسک) جنوبی افریقا کرکٹ ٹیم آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ میں ایک اور سیریز ہارنے کے قریب ہے، انگلش ٹیم پورٹ الزبتھ ٹیسٹ میں اپنی گرفت مضبوط سے مضبوط کرچکی ہے۔ اسے میچ اور سیریز میں ناقابل شکست برتری کیلئے صرف 4وکٹیں درکار ہیں جبکہ میزبان ٹیم کو اننگز کی شکست ٹالنے کیلئے مزید 188رنزجوڑنے ہیں۔ اتوار کو انگلینڈ نے 208 رنز 6 وکٹ پر اننگز شروع کی تو باقی ماندہ4کھلاڑی اسکور میں صرف ایک رن کا اضافہ کرسکے۔ ڈی کاک کے 63 اور فلینڈر 27رنز پر ہی آئوٹ ہوگئے۔ ڈوم بیس نے 5 وکٹیں لیں۔ فالو آن کے بعد پروٹیز ٹیم کا دوسری اننگز میں بھی آغاز اچھا نہ تھا 74 پر آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی، کپتان فاف ڈوپلیسی نے 36 رنزکے ساتھ کچھ مزاحمت کی ،کھیل کے خاتمہ پر پروٹیز نے 6 وکٹ پر 102 رنزبنائے تھے۔ انگلش کپتان جو روٹ نے صرف 31 رنز دیکر 4 وکٹیں اڑادیں بارش کے باعث گزشتہ روز بھی خاصا وقت کھیل نہ ہوسکا ۔ انگلینڈ نے پہلی اننگز میں 9 وکٹ پر 499 رنزبناکر اننگز ڈکلیئر کردی تھی، ٹیسٹ چیمپئن شپ میں یہ جنوبی افریقا کا چھٹا میچ ہے اور اب اتک اس کے صرف 30 پوائنٹس ہیں۔ 4 میچز کی سیریز میں انگلش ٹیم یہ میچ جیت کر 1-2 کی ناقابل شکست برتری پالی گی اس کے بعد میزبان ٹیم کو جوہانسبرگ کا آخری میں سیریز کی برابری کیلئے کھیلنا ہوگا۔