وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے ہیں،شرجیل ملک

یورپ سے
January 22, 2020

برمنگھم (آصف محمود براہٹلوی) پاکستان تحریک انصاف برطانیہ وزیراعظم عمران خان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑی ہے۔ حکمران جماعت ہونے کے ناتے ہم پر زیادہ ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں۔ پارٹی میں اختلاف رائے جمہوریت کا حسن ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے اندرتمام ورکرز کو عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ بھارت کے یوم جمہوریہ پر برٹش کشمیریوں کے احتجاج میں صف اوّل میں کھڑے ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار پی ٹی آئی برطانیہ کے صدر شرجیل ملک، ویسٹ مڈلینڈ کے صدر عبداللہ مشتاق، جنرل سیکرٹری رئوف مغل، سینئر نائب صدر آسیہ حسین، ریاض خان، امتیاز حسین ڈڈلی، آصف ظریف، محمد نیاز، کامران، عدیل شجان، عمران، ناصر کاشف، شکیل، سلیم اور دیگر نے تحریک انصاف برطانیہ کی مرکزی تنظیم اور برطانیہ کے ریجنل صدور اور جنرل سیکرٹریز کی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صدر شرجیل ملک نے کہا کہ اختلاف رائے پارٹی میں جمہوری نظام کی عکاس ہے اور جمہوریت کا حسن ہے ہم خواتین و مرد رہنمائوں کا دل و جان سے احترام کرتے ہیں۔ میزبان جنرل سیکرٹری رئوف مغل ویسٹ مڈلینڈ اور صدر عبداللہ مشتاق نے اہتمام اور میزبانی کے فرائض سرانجام دیئے۔