ڈیووس آنے والوں میں سب سے سستا دورہ میرا ہے، عمران خان

January 23, 2020

Your browser doesnt support HTML5 video.

وزیراعظم کی ڈیووس میں تقریب بریک فاسٹ میٹ میں شرکت

وزیرِ اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ڈیووس آنے والے سربراہان میں سب سے سستا دورہ میرا ہے۔

ڈیووس میں تقریب ’پاکستان بریک فاسٹ میٹ‘ منعقد کی گئی جس میں وزیرِ اعظم عمران خان نے خصوصی طور پر شرکت کی، تقریب کا مقصد کاروباری افراد کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے ماحول سے آگاہ کرنا تھا۔

وزیرِ اعظم عمران خان نے تقریب میں ڈیووس کی اہم کاروباری شخصیات سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر کی اہم کاروباری شخصیات ورلڈ اکنامک فورم میں شریک ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈیووس میں کئی اہم شخصیات سےچند روز میں ملاقات ہو جاتی ہے، اتنےعالمی رہنماؤں سے 6 ماہ میں ملاقات کرنا بھی ممکن نہیں۔

یہ بھی پڑھیئے: بھارت جس راہ پر چل رہا ہے وہ تباہ کن ہے، وزیرِ اعظم

عمران خان نے کہا کہ ڈیووس میں خرچہ بہت زیادہ ہے، میں اس دورے پر حکومت کا پیسہ خرچ کرنا نہیں چاہ رہا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ یہاں میرے قیام کو اکرام سہگل اور محمد عمران نے اسپانسر کیا، دوستوں کا شکر گزار ہوں جنہوں نے تقریب منعقد کی۔

وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ انسان کی اصل کامیابی بُرے حالات میں پُرامید رہنا ہوتی ہے، میں نے اپنے ملک کے انتہائی پسماندہ علاقے میں یونیورسٹی بنائی۔

انہوں نے شرکائے محفل کو بتایا کہ جب کرکٹ کھیلنی شروع کی تو پہلے ٹیسٹ میں ہی ڈراپ کر دیا گیا تھا، جب میں سیاست میں آیا تو سب میرا مذاق اُڑایا کرتے تھے۔

یہ بھی پڑھیئے: وزیرِ اعظم عمران خان ڈیووس روانہ

عمران خان نےکہا کہ معاشرے کے نچلے طبقے میں آگے بڑھنے کی صلاحیت زیادہ ہوتی ہے، مشکل حالات میں امید کا دامن کبھی نہیں چھوڑنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ جتنا بڑا خواب ہو گا، اتنی ہی زیادہ جدوجہد کرنی ہو گی، 60ء کی دہائی میں پاکستان دنیا بھر میں تیزی سے آگے بڑھتا ملک تھا۔

وزیرِ اعظم عمران خان نے مزید کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان میں حقیقی جمہوریت مضبوط نہ ہو سکی، قومیں مقصد کے بغیر ختم ہو جاتی ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ جب سیاست میں آیا تو 2 سیاسی جماعتیں باری باری اقتدار میں آتی تھیں، پاکستان میں ترقی کرنے کی بڑی صلاحیت موجود ہے۔