ورلڈ اکنامک فورم کے اجلاس میں شرکت کے لیے 3 روزہ دورے پر ڈیووس میں موجود وزیراعظم عمران خان سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بیٹی ایونکا ٹرمپ نے ملاقات کی ہے۔
ایونکا ٹرمپ امریکی صدر کی مشیر بھی ہیں۔ غیر رسمی ملاقات کے موقع پر وزیراعظم کے ہمراہ معاون خصوصی برائے اوور سیز پاکستانیز زلفی بخاری بھی موجود تھے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے بھی ملاقات کی تھی جس میں مسئلہ کشمیر اور افغانستان پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔
ڈیووس میں موجود وزیراعظم عمران خان مختلف ممالک کے سربراہان مملکت، عالمی اداروں کے صدور اور چیف ایگزیکٹو آفیسرز سے بھی ملاقاتیں کرچکے ہیں۔