مہوش کے بعد غیر ملکی بلاگر بھی ائیرپورٹ کی گندگی پر برہم

February 01, 2020

معروف اداکارہ و تمغۂ امتیاز مہوش حیات کے بعد غیر ملکی بلاگر سنتھیا ڈان رچی نے بھی کراچی ایئرپورٹ کے واش روم میں گندگی پر برہمی کا اظہار کردیا۔

دو روز قبل غیر ملکی بلاگر سنتھیا ڈان رچی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کراچی ایئرپورٹ کے واش روم میں گندگی کے حوالے سے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’میں مہوش حیات سے مکمل طور پر اتفاق کرتی ہوں، میں ابھی کراچی ایئرپورٹ سے واپس آئی ہوں اور وہ بہت گندا تھا۔‘

سنتھیا ڈان رچی نے لکھا کہ ’یہاں تک کہ اسلام آباد ائیرپورٹ کا واش روم بھی ٹوٹا ہوا تھا اور بہت خراب حالت میں تھا۔‘

Your browser doesnt support HTML5 video.

یہ بھی دیکھئے : کراچی ایئر پورٹ کی حالت دیکھ کر مہوش حیات برہم

غیرملکی بلاگر نے اعلیٰ حکام سے گزارش کرتے ہوئے لکھا کہ تمام ائیرپورٹس کی صفائی ستھرائی ایک ورکنگ آرڈر کے تحت کروائی جائے اور مقامی اور غیرملکی سیاحوں کے لیے تمام ایئرپورٹس صاف کروائے جائیں۔‘

یاد رہے کہ اِس سے قبل اداکارہ و تمغہ امتیاز مہوش حیات نے کراچی ایئر پورٹ پر خواتین کے لیے مختص کمرے میں موجود گندگی کے حوالے سے ٹوئٹ کیا تھا جس میں اُنہوں نے لکھا تھا کہ ’بدقسمتی سے کراچی ائیر پورٹ پر خواتین کے لیے مختص کمرہ استعمال کرنے کا اتفاق ہوا جو انتہائی گندہ اور بدبو دار تھا۔‘

اداکارہ کے ٹوئٹ کے بعد وزارت اوورسیز اینڈ ہیومن ڈیولپمنٹ ریسورس نے مہوش حیات کے ٹوئٹ کا جواب دیتے ہوئے لکھا تھا کہ ’ہم نے ان کی شکایت کا نوٹس لے لیا ہے۔‘