تمغۂ امتیاز حاصل کرنے والی پاکستانی فلم اسٹار مہوش حیات کراچی ایئر پورٹ پر خواتین کے لیے مختص کمرے میں موجود گندگی دیکھ کر برہم دکھائی دے رہی ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اظہار برہمی کرتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ ’بدقسمتی سے کراچی ائیر پورٹ پر خواتین کے لیے مختص کمرہ استعمال کرنے کا اتفاق ہوا جو انتہائی گندہ اور بدبو دار تھا۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وہاں انہیں لال بیگ بھی دکھائی دیئے جن کی موجودگی انتہائی مضرِ صحت ہے۔
انہوں نے یہ سوال اٹھایا کہ ملک میں آنے والوں کو ہم کیا تاثر دینا چاہتے ہیں؟ اداکارہ نے یہ بھی لکھا کہ یہ بنیادی سہولیات ہیں اس لیے انہیں صاف رکھیں۔
اداکار و میزبان فخر عالم نے مہوش سے اتفاق کرتے ہوئے لکھا کہ ’پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی اور ان کے ایئر پورٹ منیجرز دنیا کے سامنے اس کے ذمہ دار ہیں۔
فخر عالم نے یہ بھی لکھا کہ ’اگر ہم سیاحت کے بارے میں سنجیدہ ہیں تو ہم اس طرح کی چیزوں کو برداشت نہیں کرسکتے۔‘
انہوں نے وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے اوور سیز پاکستانی زلفی بخاری کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا کہ یہ ناقابل قبول ہے، برائے مہربانی اس جانب بھی توجہ دیں۔